فائر فائٹر نے عمارت سے کودنے والی خاتون کو ہوا میں ہی تھام لیا


ٹامس جونزیمس جنہوں نے بڑے مشکل عمل سے ایک خاتون کی جان بچائی ہے۔ فوٹو: بورڈ پانڈا

ٹامس جونزیمس جنہوں نے بڑے مشکل عمل سے ایک خاتون کی جان بچائی ہے۔ فوٹو: بورڈ پانڈا

لیٹویا: کسی انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے اور اس کا ناقابلِ یقین عملی نمونہ لٹویا کے ایک فائر فائٹر ہیں جنہوں نے انتہائی ڈرامائی انداز میں عمارت سے چھلانگ لگانے والی ایک خاتون کو ہوا کے درمیان ہی دبوچ لیا جس سے اس خاتون کی جان بچ گئی۔

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں ٹامس جونزیمس کو دیکھا جاسکتا ہے جو لیٹویا میں فائر اینڈ ریسکیو سروس سے وابستہ ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ کھڑکی سے باہر لٹکے دکھائی دیتے ہیں اور اچانک اوپری منزل سے ایک خاتون نیچے گرتی ہیں جسے کمال مہارت سے ٹامس نے گرفت کرکے اس کی جان بچائی ہے۔ اس سنسنی خیز ویڈیو کو دیکھ کر لوگوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبالیں اور اس ہیرو کو سراہا۔

ریاست لٹویا کے فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو اس ہفتے ایک فون آیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک خاتون عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔

فائر بریگیڈ کا عملہ فوراً وہاں پہنچا جس میں پانچ سال سے وابستہ ٹامس بھی شامل تھے۔ ٹامس لوگوں کی مدد کرتے ہیں اور اپنے ملک سے شدید محبت کرتے ہیں۔

ٹامس نے پہلے بہت کوشش کی کہ وہ خاتون کے اپارٹمنٹ تک پہنچ سکیں لیکن اس میں کامیابی نہیں ملی تو عین اس کے نیچے تیسری منزل پر جاکر کھڑکی سے باہر نکلے اور اس دوران چھلانگ لگانے والی خاتون کو گرفت میں کرلیا۔ دوسری جانب کچھ فائر فائٹر بلڈنگ کی چھت سے نیچے اتر رہے تھے کہ اسی دوران خاتون نے اپنی بالکنی سے چھلانگ لگادی۔

ٹامس نے کہا کہ زندگی میں انہوں نے کبھی اس طرح کسی کو نہیں بچایا اور اس مشکل کام کو بیان کرنا بس سے باہر ہے لیکن انہیں خوشی ہے کہ خاتون کی جان بچ گئی۔ اسی بنا پر پوری دنیا نے انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا ہے اور انہیں اعلیٰ ترین اعزاز دینے کی درخواست کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).