‘مجھے خوف تھا اب میں کبھی نہ گا سکوں گی’


معروف گلوکارہ شکیرا نے گلے کی پریشانی کی وجہ سے الڈوراڈو ٹور ملتوی کرنے کے سات ماہ بعد بالآخر گذشتہ ہفتے اٹلانٹا میں اپنا ایتھلیٹک کولھے کے رقص والا شو پیش کیا جو ان کے 20 سال زیادہ عرصے پر محیط ہٹ گیتوں کا مجموعہ تھا۔

سات سال بعد یہ ان کا پہلا ٹور ہے کیونکہ انھوں نے سپین کے فٹبالر جیرارڈ پیک سے شادی کے بعد اپنی گھر بار بسانے کے لیے وقت نکالا تھا۔ ہیمبرگ میں ان کے ٹور کی افتتاحی شب کی فوٹیج میں 41 سالہ گلوکارہ مبہوت نظر آئيں اور انھوں نے اپنے صحتیاب ہونے کا والہانہ اظہار کیا۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’گذشتہ سال میری زندگی کے مشکل ترین سالوں میں سے ایک تھا۔ سٹیج پر واپس آنا میرے لیے بہت جذباتی تھا۔‘ آئندہ ہفتے لندن کے اپنے ٹور سے پہلے کولمبیا کی سٹار نے وقت نکال کر بات کی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ دیر سے جاگی ہیں کیونکہ ان کے بچے ان کے ساتھ نہیں ہیں اور گذشتہ چھ سال میں وہ پہلی بار اتنا سوئی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ان کا یہ ٹور ’ایسا لگتا ہے کہ پہلا ہے کیونکہ پہلے دوسرے قسم کا تجربہ تھا۔ اس وقت میں ذرا نرگسیت میں مبتلا تھی اور سوچتی تھی کہ یہ میرے لیے یہاں آئے ہیں مجھے اچھا نظر آنا اور گانا چاہیے۔ ’اور اب یہ ہے کہ مجھے یہ شاندار موقع ملا ہے کہ میں لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ لاؤں اور ان تمام لوگوں کو خوش کروں جن کی زندگی میں بھی مشکلات رہی ہیں۔‘

انھوں نے اپنے گلے کی خرابی کے بارے میں بتایا کہ ’یہ ووکل ہیموریج سے زیادہ تھا اور کبھی کبھی مجھے یہ خیال گزرتا تھا کہ اب شاید ہی میں اپنے گیتوں کے ساتھ لوگوں کے سامنے آ سکوں گی۔‘ انھوں نے بتایا کہ کرشماتی انداز میں قدرتی طور پر ان کا زخم ٹھیک ہو گیا۔

شکیرا

شکیرا اپنے شوہر جیررڈ کے ساتھ

انھوں نے کہا: ’میں نے دعا کیا۔ میں ایک عرصے تک دعا کرنا بھول گئی تھی۔ لیکن جب آپ مشکلات میں ہوتے تو آپ کو مذہب یاد آتا ہے۔ میں نے خدا سے وعدہ کیا کہ اگر مجھے میری آواز واپس مل گئی تو میں ہر رات کا جشن مناؤں گی اور میں وہی کر رہی ہوں۔‘

انھوں نے اپنے نئے گیت ’کلینڈسٹینو‘ کے بارے میں کہا: ’میں نے وعدہ کیا تھا کہ نیا گیت بنانے کی کوشش نہیں کروں گی لیکن ایسا ہو جاتا ہے آپ اس کا کچھ نہیں کر سکتے۔‘ انھوں نے لاطینی میوزک میں آئی بہار کے بارے میں کہا کہ ’یہ فنکار پر منحصر ہے کہ وہ کتنی دیر تک ٹکے رہتے ہیں۔ لیکن میرے خیال میں یہ لاطینی میوزک کی دھوم نہیں ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک بالکل مختلف دنیا ہے۔ سوشل میڈیا کا مطلب ہے کہ اب صرف ریڈیو یہ فیصلہ نہیں کرے گا کیا ہٹ ہوگا۔ اب لوگ فیصلہ کریں گے۔‘ ان کے ایک گیت کا بول تھا ’مجھے فٹبال نہیں آتی‘ اور پھر انھیں ان کے فٹبالر شوہر سے ملاقات ہوئی۔ اس ذکر پر انھوں نے کہا: ’ایسا ہی کچھ ہوا تھا۔ جیرارڈ کے ساتھ آٹھ سال رہنے کے بعد بھی مجھے ابھی تک آف سائڈ سمجھ میں نہیں آتا۔‘

شکیرا

شکیرا سابق امریکی صدر اوباما کے ساتھ

خیال رہے کہ انھوں نے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کے لیے معروف گیت ‘واکا واکا’ گایا تھا۔ اب ان کا کہنا ہے کہ ان کا ٹور 13 جولائی تک ہے اور اگر سپین فائل میں جاتا ہے تو انھیں جانے کا موقع ملے گا۔ گذشتہ سال ’فورچون‘ میگزن نے انھیں دنیا کی 50 مخیر شخصیات میں شامل کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ تعلیم کے لیے وقف ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ جب 18 سال کی تھیں تو انھوں نے عہد کیا تھا کہ وہ اپنا ایک فاؤنڈیشن بنائیں گی اور کولمبیا کے دوردراز علاقوں میں سکول کی تعمیر کریں گی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ایک ترقی پزیر ملک سے آتی ہیں اس لیے تعلیم کی اہمیت کو سمجھتی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک قسم سے ضدی ہیں۔

شکیرا 11 جون کو لندن کے او ٹو ارینا میں اپنا پروگرام پیش کریں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp