ٹرمپ کم ملاقات: شمالی کوریائی فنکاروں کا کہنا ہے کہ ’ایک آمر کو اچھا نہ سمجھیں‘


ایک عرصے تک تنہا سمجھے جانے والے کم جون ان شاید عالمی سطح پر ایک سٹیٹس مین سمجھے جانے لگے ہیں مگر شمالی کوریا کے کچھ فنکار جنھوں نے ان کی قیادت میں مظالم سہے ہیں، کہتے ہیں کہ امن مذاکرات اس ’آمر‘ کو تبدیل نہیں کر سکیں گے۔

کئی سالوں تک سونگ بائیوک شمالی کوریا کے ریاستی پروپیگنڈا کا اہم حصہ تھے۔ حکام کی نظر ہوانگائی صوبے سے تعلق رکھنے والے اس پینٹر پر پڑی اور اسے ریاستی فنکار بنایا گیا۔

سونگ نے امریکہ اور جاپان مخالف شاندار تصاویر بنائیں اور کم خاندان کے دور کے ’خوش‘ کارکنان کی بھی عکس بندی کیے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سے وہ کہتے ہیں کہ ’ایک پروپیگنڈا مصور کے طور پر آپ کو شمالی کوریا اور اس کے رہنمائوں کو دنیا میں بہترین دکھانا پڑتا ہے۔

’شمالی کوریا میں فن صرف خوبصورت ہو سکتا ہے۔ کوئی بے گھر نہیں ہے اور ہر کوئی صحت مند ہے کیونکہ سب کو کھانے کو کافی ملتا ہے۔‘

مگر حقیقت اس سے دور نہیں ہو سکتی۔

سونگ 2002 میں ایک ایسے جیل جہاں تشدد روز کا معمول تھا، بھاگ کر جنوبی کوریا آئے تھے۔

’شمالی کوریا میں قیدیوں کے کیمپ میں رہنا مشکل تھا۔ آپ کو پرندوں کے چہچہانے کی آواز آتی یا نیلا آسمان نظٌر آتا تو آپ کا مر جانے کو دل کرتا تھا۔ اسی لیے آپ سوچ سکتے ہیں کہ میں کم جونگ ان کے بارے اچھے خیالات سن کر کتنا حیران ہوتا ہوں۔‘

سونگ کے لیے یہ معاملات اس لیے بھی بہت مشکل ہیں کیونکہ بظاہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی منگل کو متوقع غیرمعمولی ملاقات سے قبل کم جونگ ان کو سفارتی دنیا میں ایک پسندیدہ شخصیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعدد ممالک کے رہنما ان کے ساتھ ملاقات کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ ایک وقت ھتا کم جونگ ان کو ان کے جوہری پروگرام اور انسانی حقوق کے بدترین ریکارڈ کی وجہ سے عالمی سطح پر تنہا کیا گیا تھا۔

سونگ کا کہنا ہے کہ ’اس حکومت کے ہاتھوں بہت سے لوگ مارے جا چکے ہیں اور اب ایک آمر کو اچھا کہا جا رہا ہے اور اس کی حکومت کی تعریفیں ہو رہی ہیں۔ یہ سب بہت غلط ہے۔‘

ادھر سیول کے رونق والے علاقے گنگگم میں شمالی کوریا سے بھاگ کر آنے والے ایک اور فنکار چوئے سیونگک رہتے ہیں۔

شمالی کوریا میں رہتے ہوئے ان کا کام مغربی جاسوسوں کے بارے میں کارٹون بنانا تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ جب کوئی کم جونگ ان کی تعریف کرتا ہے تو شمالی کوریائی ہونے کے ناطے انھیں شدید غصہ آتا ہے۔

’جو لوگ ایسی باتیں کرتے ہیں انھوں نے کبھی میرے جیسے شمالی کوریائی لوگ دیکھے نہیں ہیں جنھوں مارا گیا ہے یا تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

چوئے سیونگک کو شمالی کوریائی کے دارالحکومت سے بدر کر کے ایک کیمپ میں اس وقت بھیج دیا گیا تھا جب وہ جنوبی کوریائی فلموں کی کاپیاں فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ 2012 میں وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ ملک سے بھاگ گئے۔

شمالی کوریا سے باہر رہنے والے بہت سے شمالی کوریائی باشندوں کی طری وہ بھی صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ملاقات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ انھیں ان تصاویر پر غصہ چڑھتا ہے جب وہ دیکھتے ہیں کہ کم جونگ ان عالمی رہنمائوں کے ساتھ گھوم رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ صرف ان کے وقار میں اضافہ کرے گا اور میرے عوام کو برین واس کرنے میں مدد کرے گا۔‘

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اور کم جونگ-ان کے تعلقات گذشتہ ڈیڑھ برس میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں اور یہ ملاقات ایک مرتبہ پہلے منسوخ کی جا چکی ہے۔ اھلاعات کے مطابق ملاقات کی منسوخی کے بعد پیونگ یانگ کی جانب سے مصالحاتی انداز اپنایا گیا۔

تاہم چوئے سیونگک کو خدشات ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ دنیا کا خیال ہے کہ وہ کم جونگ سے بات کر کے مسئلہ حل کر لیں گے مگر مجھے اس مفروضے ہر حیرانگی ہے۔

کم جونگ ان کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ’وہ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ وہ بےبسی کی انتہا کو پہنچ چکے ہیں اور ان کے پاس اب کوئی راستہ نہیں ہے۔‘

’ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے طاقتور ترین ملک کی قیادت کرتے ہیں اسی لیے انھیں انسانیت کا خیال ہے۔ میرا خیال ہے کہ ان کے پاس کوئی لائحہ عمل ہے مگر میں امید کرتا ہوں کہ وہ شمالی کوریائوں کو نظر انداز نہیں کریں گے۔‘

Both Korean leaders meet at the truce village of Panmunjom, North Korea

تاہم چوئے سیونگک کو خدشات ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ دنیا کا خیال ہے کہ وہ کم جونگ سے بات کر کے مسئلہ حل کر لیں گے مگر مجھے اس مفروضے ہر حیرانگی ہے۔

جب سونگ بائیوک سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایک دن شمالی کوریا جانا پسند کریں گے تو انھوں نے انتہائی جوش کے ساتھ کہا ہاں!

’یقیناً! پیونگ یانگ میں اپنے فن کی نمائش کرنا چاہتا ہوں اور اپنے ساتھی شہریوں کو آزادیِ اظہارِ رائے دکھانا چاہتا ہوں۔ یہ میرا خواب ہے اور امید کرتا ہوں یہ میری زندگی میں ہو جائے گا۔‘

تاہم چوئے سیونگک کی طرح سونگ بائیوک کو بھی کم جونگ ان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے حوالے سے خدشات ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ’کیا مون جائے کا واقعی یہ ماننا ہے کہ کم شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار ختم کر دیں گے؟ ان کی انتظامیہ نے شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی بات بھی نہیں کی ہے۔‘

مگر وہ اپنے ملک کے لیے پرامید بھی ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ٹرمپ۔کم ملاقاتصرف ایک تقریب ہو۔

وہ کہتے ہیں ’میں امید کرتا ہوں کہ ٹرمپ اور کم کی ملاقات ہمارے ملک کے بنیادی طور پر تبدیل ہونے کا ابتدائی قدم ہو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp