ہپ ہاپ کے سنہری دور سے چھ تصویریں ،چھ کہانیاں


لندن کے فوٹو گرافرز جینٹ بیک مین اور ڈ یوڈ کوریو انیس سو بیاسی میں اس وقت ہپ پاپ سے پہلی بارمتعارف ہوئے جب وہ این ایم ای، میلوڈی میکر اور دی فیس جیسے موسیقی کے جریدوں کے لیے کام کے سلسلے میں نیویارک میں موجود تھے ۔اس وقت انہیں ہپ ہاپ کی نسبتاً نئی صنف اور اس سے جڑی ثقافت تک رسائی ملی۔ ایسی صنف جس نے آنے والی دہائیوں میں عالمی موسیقی کے افق پر راج کرنا تھا۔

لندن میں ایک نمائش میں اس وقت کے نوخیز فنکاروں کے پورٹریٹ رکھے گئے ہیں جومستقبل میں ریپ موسیقی کے دیوتا مانے گئے۔ ان میں رن ڈی ایم سی، سلک رک، سالٹ این پیپا، ہوڈینی، گرینڈ ماسٹر فلیش، ایل ایل کول جے اور کوئن لطیفہ شامل ہیں۔

جینیٹ اور ڈیوڈ نے نمائش میں اپنی پسندیدہ چھ تصاویر رکھی ہیں اور ان کی کہانی بھی بتائی ہے ۔

رن ڈی ایم سی اور پوسی کی 1984میں کوئنز میں لی گئی تصویر

یہ تصویر دی فیس رسالے کے لیے لی تھی، انہوں نے مجھے ایک نمبر دیا، یہ جیم ماسٹر جے کی والدہ کے گھر کا نمبر تھا۔ میں نے کیمرہ لیا اور ٹرین میں سوار ہو گئی۔ جے مجھے سٹیشن سےگلی تک لے گیا اور وہاں یہ سب موجود تھے۔ میں نے تین یا چار تصویریں لی ہوں گی۔ وہ مجھ سے پوچھنے لگے ‘ تمہیں ہم سے کیا چاہیے’۔ میں نے کہا ‘بس یہاں کھڑے رہیں’۔ وہ کمال کے لگ رہے تھے۔ وہ یقیناً بہت سنجیدہ نظر آرہے ہیں۔ مجھے یہ یاد نہیں پڑتا کہ وہ کھلکھلائے ہوں، وہ کام کو سنجیدگی سے لے رہے تھے۔ہپ ہاپ میں آپ کے رویے میں ایک کروفر ہوتا ہے۔

جینٹ بیک مین

بز مارکی کی 1988 میں لندن میں لی گئی تصویر

بز مارکی ہو تو سب کچھ بہترین ہی ہوتا ہے۔کولڈ چلن کے اس ٹور پر بز مارکی تھے، میک شان تھے، مارلے مارل تھے، اور بگ ڈیڈی کین تھے۔ ریکارڈ کمپنی کینسنگٹن لین سے پرے تھی اور انہوں نے کہا کہ میرے پاس بیس تیس منٹ ہیں کہ ان سب کے فوٹو لوں ، وہ بھی انفرادی۔ بز ایک کھڑی بی ایم ڈبلیو کے بونٹ پر چڑھ گئے اور وہیں اچھلنے لگے، ہمیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ گاڑی کس کی ہے ۔مجھے لگا کہ کوئی ہمیں گرفتار کر لے گا۔ لیکن بز نے کیمرے میں دیکھا ، زبان بھی نکال لی۔ بز ان لوگوں میں سے ہیں جنہیں بہت کچھ سمجھانا نہیں پڑتا ، میں جب انہیں دیکھتا وہ ایک نئی حرکت کر رہے ہوتے۔ میں پچھتا رہا ہوں کہ تصویر بلیک اینڈ وائیٹ لی، رنگین کیوں نہ لی، لیکن میرے خیال میں یہ موسیقی کی اس صنف کے مزاج سے ہم آہنگ ہے ۔

ڈیوڈ کوریو

سالٹ این پیپا کی1986 میں مینہیٹن میں لی گئی تصویر

نوجوانوں کے ایک رسالے نے مجھے اس غیر معروف بینڈ کی تصاویر لینے کےلیے کہا۔اس دن نیو یارک میں کافی گرمی تھی۔لڑکیاں آپس میں بہترین دوست معلوم ہوتی تھیں۔ مسلسل کھلکھلاتی ہوئی۔ وہ سوشل میڈیا اور سیلفیز کا دور نہیں تھا تو لوگوں کو کیمرہ کے لیے تاثرات دینے کی عادت نہیں تھی۔ لیکن یہ لڑکیاں بہت ہنس مکھ تھیں۔ آتی جاتی گاڑیوں میں بجتی موسیقی پر ناچنے لگتیں اور میں ان کی تصویر لے لیتی۔ مجھے یہ تصویر بہت پسند ہے کیونکہ اس میں نیو یارک کے محسوسات ہیں۔

جینیٹ بیک مین

لندن میں1982 میں راک سٹیڈی کریو کا بریک ڈانسر

یہ وکٹوریا میں ایک پرانا تھیٹر تھا۔ یہ برطانیہ کا دوسراہی ہپ ہاپ شو تھا۔ لندن کے لوگ پہلی مرتبہ بریک ڈانس سے متعارف ہو رہے تھے۔ مجھے یاد ہے یہ لڑکا سر پر گھوما اور ہوا میں معلق ہو گیا۔ مجھے اس تصویر میں لوگوں کے چہرے کے تاثرات بہت پسند ہیں۔ جیسے اس سے پہلے انہوں نے ایسا کچھ نہ دیکھا ہو۔ دیکھیں لوگوں نے کیا پہن رکھا ہے ۔ اون کے جمپر۔ ہپ پاپ میں اب ایسے کپڑے نہیں پہنے جاتے ۔ لیکن یہ سب بعد میں تبدیل ہوا ۔

ڈیوڈ کوریو

ای پی ایم ڈی کی لانگ آئی لینڈ میں 1988 میں لی گئی تصویر

میں ایک چھوٹے لیبل سلیپنگ بیگ کے لیے کام کر رہی تھی جب ای پی ایم ڈی کی یہ تصویر لی۔ ہمیں شوٹ کے لیے دوپہر کے وقت ملنا تھا۔ ہم انتظار کرتے رہے اور ان کا کوئی اتا پتہ نہ تھا۔ وہ موبائل فون اور پیجر کا دور نہیں تھا۔ میرے معاون نے کچھ دور جا کر ایک فون بوتھ ڈھونڈا اور ان سے رابطہ کیا ۔ مینیجر نے بتایا کہ ‘وہ گاڑیوں کے رم پالش کروا رہے ہیں’۔ سورج ڈھلنے سے پہلے ہمیں ان کی کاروں کی چنگھاڑ سنائی دی۔ وہ آتے ہی گاڑیوں کے ہڈ پر ببیٹھ گئے ۔ مجھے ان کے لباس پر تعجب ہوا۔ لگا جیسے خواتین کے پاجامے پہن رکھے ہوں۔ بعد میں یہ تصویری کور بے حد مقبول ہوا

جینیٹ بیک مین

روزین شینتے، لندن میں 1989 میں لی گئی تصویر

میں نے سنٹرل لندن میں ان کے ہوٹل میں ان سے ملاقات طے کی۔ وہ مجھے بہت بے تکلف اور معقول لگیں۔ ان میں بہت ادا تھی ۔ان کی عمر اٹھارہ انیس برس کی ہوگی۔ ان کے جیکٹ پر ایک بیج تھا جس پر ایک بچے کی تصویر تھی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ان کا بیٹا ہے اور وہ پندرہ سال کی عمر میں ماں بن گئی تھیں۔ شوٹ کے بعد جب وہ مڑیں تو میں کہہ اٹھا ‘ارے میں نے پشت پر آپ کے بال تو دیکھے نہیں’۔ انہوں نے ایک کان میں دو بالیاں پہن رکھی تھیں۔ بس یہی میرا فائنل شاٹ بنا۔

ڈیوڈ کوریو

۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp