مجھے عشق کیوں نہیں ہوا؟


مجھے عشق کیوں نہیں ہوا؟ شاید اس کا جواب ابھی میں ٹھیک طرح نہ بیان نہ کر پاؤں کیوں کہ ابھی زندگی کی چند بہاریں ہی دیکھی ہیں۔ زندگی میں عشق جیسے تجربات سے بھی واسطہ نہیں پڑا۔ میں نے عشق کے بارے میں اتنا پڑھا نہیں ہے، جتنا لکھا ہے۔ کیوں کہ میں نے عشق کو بہت محسوس کیا ہے، لیکن اپنے ارد گرد جوڑیوں کے ٹولے دیکھ کر میں نے کچھ عرصے سے اس بات کا جواب تلاش کرنا شروع کر دیا ہے، کہ آخر مجھے عشق کیوں نہیں ہوا؟ میں کیوں اب تک تن تنہا پھر رہی ہوں۔

ہر انسان کی زندگی میں عشق نہ کرنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ کچھ عشق کے جذبے کو نہیں سمجھ سکتے، جب کہ کچھ لوگ کسی پر بھروسا نہیں کر سکتے۔ اس لیے وہ عشق کرنے کی جسارت بھی نہیں کرتے۔ میرا بھی کچھ یہی احوال ہے کہ میرے لیے کسی پر بھروسا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ میں اس بات سے انکاری نہیں ہوں کہ مجھے کبھی کوئی اچھا نہیں لگا۔ زندگی میں بہت بار ایسا ہوتا کہ ہمیں کوئی اچھا لگتا ہے لیکن ہمارے اندر ایک بلا ہوتی ہے؛ جو ہمیں عشق نہیں کرنے دیتی۔ بار بار ہمارے دل و دماغ پر ہتھوڑے مار رہا ہوتا ہے کہ ’نہیں نہیں! اس طرف نہیں جانا۔ یہ راستہ کانٹوں سے بھرا ہے‘۔ پھر ہم اپنے آپ کو چھلنی ہونے سے بچانے کے لیے عشق کے راستے کا انتخاب کرنے کی بجائے ایک اور محبت کر لینے ہی کو عافیت جانتے ہیں۔ لیکن میرا بھی خود سے یہی سوال ہے کہ آخر مجھے عشق کیوں نہیں ہوا؟

یہ واقعہ میرے زمانے طالب علمی کا ہے۔ ایک دوست مجھے ایک قصہ سنا رہی تھی۔ فلاں لڑکا ہے اس نے مجھے پرپوز کیا ہے اور اب ہم ایک دوسرے کے عشق میں پاگل ہیں۔ میں نے پوچھا اے میری پیاری دوست اس نے تم سے اپنے خیالات کا اظہار کب کیا؟ اس نے جواب دیا یہی کوئی ایک ہفتہ ہوا ہے۔ اب ہنسنے کی باری میری تھی۔ مجھے ہنسی تو اس بات پر آ رہی تھی کہ بھلا ایک ہفتے میں عشق کیسے ہو گیا؟ دوسرا مجھے حیرانی اس بات پر ہو رہی تھی کہ میری دوست سے عشق کرنے والا کچھ دن پہلے مجھ سے بھی انھی خیالات کا اظہار کر چکا تھا۔ ہم بھی موصوف کی رنگین مزاجی سے واقف تھے۔ اس لیے کوئی جواب دینا گوارا نہ کیا۔ موصوف نے بھی وہاں سے گزر جانے ہی میں اپنی عافیت جانی۔ اس واقعے کے بعد مجھے کچھ کچھ اس بات کا جواب مل گیا تھا کہ مجھے عشق کیوں نہیں ہوا۔

میرا یہ تجربہ ہے کہ مردوں کی اکثریت بے وفا ہوتی ہے۔ سب مردوں کی با ت نہیں کر رہی، یقینا کچھ مرد وفادار ہوتے ہیں۔ جیسے میرے ایک عزیز اور سینئر صحافی سے گفتگو ہو رہی تھی تو وہ مجھے کہہ رہے تھے کہ جب سے میری شادی ہوئی ہے تب سے میرے دل میں عورت کا مقام اور عزت بڑھ گئی ہے، کیوں کہ میری بیوی بہت وفادار ہے۔ ان کی بات سن کر مجھے عجیب سی خوشی ہوئی کہ کیا واقعی کسی مرد کے دل میں عورت کا مقام اتنا بلند ہو سکتا ہے۔ تاہم پھر بھی میں اپنے موقف پر قائم ہوں کہ مردوں میں اکثریت ایسے ہیں جو بے وفا ہوتے ہیں۔ وہ صرف اور صرف عورت کے جذبات سے کھیلنا جانتے ہیں، جب کہ عورت بھی اس میں گناہ میں برابر کی شریک ہے۔

میں نے کئی عورتوں کو دیکھا ہے کہ وہ اسی مرد کی طرف مائل ہوتی ہیں جس کے پاس پیسا ہو۔ جب کہ میں نے ایسے مرد بھی دیکھے ہیں جو صرف اس عورت کی طرف مائل ہوتے ہیں، جو واقعی عشق کی حق دار ہوتی ہے۔ جو عورت مردوں کو مائل کرنے کا فن جانتی ہے وہ عشق کی صرف ایک دو زینوں ہی پر قدم رکھ سکتی ہے۔ کیوں کہ تیسری قدمچے پر کوئی اور مرد اس کی جانب مائل ہو جاتا ہے۔ وہ پھر سے پہلے قدمچے پر پاوں رکھ دیتی ہے۔

میرے دل و دماغ میں کسی سے عشق نہ کرنے کی وجہ ابھی تک ایک ہی آئی ہے، کہ اکثر مرد بے وفا ہوتے ہیں۔ ان پر یقین کرنا مشکل ہوتا ہے۔ پڑھنے والوں سے معذرت کے ساتھ، لیکن یہ میرے دل کی آواز یا بھڑاس نہیں ہے بلکہ میں نے ایسے بہت سارے واقعات دیکھے ہیں اور ان کا بغور مشاہد کیا ہے۔ جس کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کے مرد اور عورت کے رشتے میں ایک غیر یقینی سی صورت احوال ہوتی ہے۔ جس میں عشق کرنا ممکن نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).