چاروں صوبوں کے انتظامی اور پولیس سربراہان تبدیل


نواز

پاکستان کی نگران حکومت نے ملک میں پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کو صاف اور شفاف بنانے کے لیے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریوں اور پولیس کے سربرہان کو تبدیل کر دیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے ‘الیکشن کمیشن آف پاکستان اور متعلقہ حکومتوں سے مشاورت کے ساتھ کے بعد ان اہم انتظامی عہدوں پر موجود افسران کو تبدیل کر کے ان کی جگہ نئے افسران کو تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ فیصلہ ملک میں شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق اکبرحسین درانی کو چیف سیکریٹری پنجاب، اعظم سلیمان خان کو سندھ، نوید کامران بلوچ کو خیبرپختونخوا اور اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا۔

تمام صوبوں کے آئی جی پولیس کی نئی تعیناتیوں کے مطابق ڈاکٹر کلیم امام کو پنجاب، امجد جاوید سلیمی کو سندھ، محمد طاہر کو کے پی اور محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا نیا آئی جی تعینات کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ یعنی ای سی ایل میں ڈالے جانے سے متعلق معاملہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔

کمیٹی سے سفارشات طلب کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت نگران وزیر اعظم ناصر الملک نے کی۔

نگراں وزیرِ داخلہ محمد اعظم خان نے بی بی سی کی نامہ نگار فرحت جاوید سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ کی عدم موجودگی کے باعث نہیں ہو سکا، اور اب کمیٹی عید کے بعد ملاقات کرے گی۔

نواز شریف اور مریم کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی درخواست

تین رکنی ذیلی کمیٹی کے ممبران میں نگراں وزیر داخلہ، وزیر خزانہ اور وزیر قانون و انصاف شامل ہیں۔ نگراں وزیر داخلہ کے مطابق انہیں گذشتہ روز نیب کی جانب سے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست موصول ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32191 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp