بیگم کلثوم نواز کی طبیعت مزید بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل


سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اُنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بریفنگ دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کلثوم نواز 20 گھنٹے سے وینٹی لیٹر پر ہیں اور انہیں اب تک ہوش نہیں آیا ہے جبکہ کلثوم نواز کو دل کا دورہ بھی پڑا ہے۔ کلثوم نواز کو گزشتہ رات حالت بگڑنے پر اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں تھیں، جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کیا اور کمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔

علاوہ ازیں نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم کے ساتھ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ چکے ہیں اور شریف خاندان کے افراد اسپتال میں ہی موجود ہیں۔ قبل ازیں نوازشریف کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سےمتعلق آگاہ کیا گیا۔

ادھر شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے، قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔

واضح کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا سابق وزیراعظم نواز شریف بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).