پشاور میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ : 10 افراد جاں بحق
جمرود روڈ پر کارخانو بازار میں خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق دہشت گردوں نے پشاور کے نواحی علاقے جمرود کے قریب کارخانو بازار میں خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے، دھماکے کے فوری بعد شدید فائرنگ بھی ہورہی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ شہر کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ نے اسپتال میں 10 لاشوں اور 15 زخمیوں کو لانے کی تصدیق کردی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جب کہ دھماکے کے بعد پاک افغان شاہراہ بھی عارضی طور پر بند کردی گئی ہے، بم ڈسپوزل یونٹ نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سوئپنگ شروع کردی ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ خودکش دھماکا لگتا ہے تاہم اس کی نوعیت کے بارے میں حتمی بات شواہد اکٹھے کئے جانے کے بعد ہی کی جاسکے گی۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).