کابل کی سڑکوں پر طالبان کی بی بی سی سے گفتگو: ’ہم پاکستان کے لیے نہیں لڑ رہے‘


ملائکہ احمدزئی

بی بی سی پشتو کی نامہ نگار ملائکہ احمدزئی نے کابل کے علاقے باغ بالا میں طالب جنگجو سے بات چیت کی

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کے بعد کابل سمیت ملک کے دوسرے شہروں میں کئی طالبان آئے اور دو دن تک شہروں میں آزادانہ گھومتے رہے۔ بی بی سی پشتو کی نامہ نگار ملائکہ احمدزئی نے کابل کے علاقے باغ بالا میں ایک طالبان جنگجو سے انٹرویو کیا۔

طالبان کا ایک گروہ موٹر سائیکل سوار کابل میں گھوم رہا تھا کہ بی بی سی کے سوالات کا جواب دینے کے لیے کابل پولی ٹیکنیک یونیورسٹی کے سامنے رک گیا۔

اُن میں ایک طالب جو کہ بظاہر گروپ لیڈر لگ رہا تھا، نامہ نگار نے اُن سے پوچھا کہ آپ کابل میں اپنے ساتھ کیا پیغام ساتھ لے آئے ہیں؟

اس بارے میں جاننے کے لیے مزید پڑھیے

افغانستان: طالبان کا جنگ بندی میں توسیع سے انکار

’ملا اشرف غنی زندہ باد‘

افغان طالبان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی پر رضامند

اس کے جواب میں طالب کمانڈر نے کہا کہ ‘ہم صرف خدا کے لیے لڑرہے ہیں، کسی اور کے لیے نہیں۔ ہمیں کوئی فنڈنگ نہیں کررہا، ہم پاکستان کے لیے نہیں لڑ رہے ہیں۔ جب تک یہاں امریکہ ہے، ہم لڑتے رہیں گے۔’

طالب کمانڈر نے مزید بتایا کہ ‘جب تک افغانستان میں غیرملکی افواج موجود ہوں گی، اُس وقت تک امن اور صلح کا امکان نہیں ہے۔

اُن کے مطابق ان افواج کے جانے کے بعد ہی مصالحت ہو سکتی ہے۔

بی بی سی نے جب اُن سے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کی بات کی تو انھوں نے جواب دیا کہ ‘وہ چاہتے ہیں، کہ اس جنگ بندی میں توسیع ہو، کیونکہ اُن کے مطابق افغان عوام آزادانہ نقل و حرکت کرنا چاہتے ہیں۔

طالب

کمانڈر کا کہنا تھا افغان فوج کے جو جوان غیرملکی فوجیوں کے شانہ بشانہ ہوں گے، طالبان کے حملوں سے وہ نہیں بچ سکتے

نامہ نگار ملائکہ احمد زئی نے پوچھا کہ اب افغان آرمی کے نوجوان آپ کو بھائی کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، کیا جنگ بندی ختم ہونے کے بعد آپ لوگ اُن پر گولیاں چلائیں گے۔

اس پر کمانڈر کا کہنا تھا افغان فوج کے جو جوان غیرملکی فوجیوں کے شانہ بشانہ ہوں گے، طالبان کے حملوں سے وہ نہیں بچ سکتے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ کے خلاف افغان افواج بھی ہماری صفوں میں شامل ہو جائے۔

یاد رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر افغان افواج اور طالبان نے تین روز کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اور اس دوران طالبان جنگجو افغانستان کے کئی شہروں میں داخل ہوئے، افغان فوج اور عام لوگوں سے عید ملی۔

اس موقع پر افغان عوام اور طالبان نے ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر اور سلفیاں بھی لی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp