فیفا ورلڈ کپ 2018: سعودی عرب اور مراکش کا سفر ختم، ایران کا عمدہ کھیل


ایران

ایران جو اپنے دفاعی کھیل کے لیے مشہور ہے نے بدھ کو فیفا ورلڈ کپ کے سپین کے خلاف میچ میں یہ ثابت کردیا کہ وہ جارحانہ کھیل بھی اتنا ہی عمدہ کھیلتے ہیں۔

اگرچہ ایران کی ٹیم بہادری سے کھیلی لیکن سپین سے ایک صفر سے شکست کھائی۔ سپین نے اس جیت کے ساتھ ناک آؤٹ سٹیج کی جانب ایک اور قدم اٹھایا ہے۔

2010 کے ورلڈ چیمپیئن ٹیم کو دوسرے ہاف میں گول کرنے کا موقع ملا۔ پہلے ہاف میں اگرچہ سپین کے پاس گیند 81 فیصد رہا تاہم ایرانی ڈیفینڈرز نے سپین کی ہر کوشش ناکام بنائی۔

ایران نے پہلے ہاف میں 4-5-1 فارمیشن کے ساتھ کھیلا جس کے باعث سپین سرف ایک بار گول کی کوشش کر سکا۔

ایران

ایران نے پہلے راؤنڈ میں 1121 منٹ تک گول نہ کھا کر ریکارڈ قائم کیا۔

فائنل سیٹی بجنے پر ایران کے کئی کھلاڑی گراؤنڈ یں لیٹ گئے۔ جس طرح سے ایران نے پہلا گول کھا کر دفاعی گیم سے جارحانہ گیم شروع کی اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ صرف دفاع ہی نہیں کر سکتے۔

ایرانی کوچ کالوس نے کہا کہ ٹیم نے دکھا دیا کہ ایرانی ٹیم مقابلے کے لیے تیار ہے۔ ’اس میں کوئی شک نہیں سپین نے بہت سٹائلش گیم کھیلی ہے لیکن ہم نے بھی عمدہ کھیلا ہے۔‘

ایران

سپین کے کوچ فرنانڈو نے میچ کے بعد کہا ’میں کیا کہہ سکتا ہوں ہمارے تین پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ ہمیں معلوم تھا کہ یہ میچ مشکل ہو گا اور ایسا ہی ہوا۔‘

فٹ بال کلب چیلسی کے سابق سٹرائیکر کرس سٹن نے بی بی سی ریڈیو 5 سے بات کرتے ہوئے کہا ’ایران کے پاس گیم پلان تھا اور وہ دفاعی پوزیشن میں تھے اور سپین کو اپنی جانب آنے دے رہے تھے۔ لیکن سپین کے گول نے ایران کو یقین دیا اور اس کے بعد وہ اٹیکنگ گیم کھیلنا شروع ہوئے۔‘

اعداد و شمار

  • ایران نے ورلڈ کپ میں کبھی بھی یورپی ٹیم کو نہیں ہرایا۔ ایران نے یورپی ممالک کے خلاف ورلڈ کپ میچوں میں چھ میچ ہارے ہیں اور ایک برابر رہا ہے۔
  • گذشتہ پانچ ورلڈ کپ میچوں میں سپین ہر وہ میچ ایک صفر سے جیتا ہے جس میچ کے پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوا ہو۔

سعودی عرب کا سفر ختم

سوریز

یوروگوائے کی طرف سے سوریز نے گول کیا

یوروگوائے نے سعودی عرب کو ایک صفر سے شکست دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنی اور میزبان ٹیم روس کی جگہ پکی کر لی ہے۔

سعودی

روس کے خلاف پانچ صفر سے شکست کے بعد سعودی عرب کو یوروگوائے کے خلاف بھی شکست کھانی پڑی۔ سعودی عرب کا آج کا کھیل روس کے خلاف کھیل سے بہت بہتر تھا لیکن ان کے گول کیپر محمد الاویس کی غلطی ان کو مہنگی پڑی۔

اعداد و شمار

  • سعودی عرب کا یہ پانچواں ورلڈ کپ ہے اور چار ورلڈ کپ میں سعودی عرب پہلے راؤنڈ ہی میں ٹورنامنٹ سے نکل گیا تھا۔
  • سعودی عرب اپنے 12 ورلڈ کپ میچوں میں سے ایک بھی نہیں جیتا، دو برابر کیے اور نو میچوں میں کوئی گول نہیں کیا۔

مراکش فیفا ورلڈ کپ سے باہر

رونالڈو

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 میں مراکش نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے کہ وہ پہلی ٹیم ہے جس کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوا۔

مراکش کو پرتگال نے ایک صفر سے شکست دی اور یہ گول رونالڈو نے کیا۔

مراکش نے گذشتہ نو ورلڈ کپ میچوں میں سے سات ہارے ہیں، ایک جیتا اور برابر کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp