میری خوشی کی انتہا اس وقت نہ رہی جب نیمار میرے ساتھ آ کر کھڑا ہو گیا: احمد رضا


روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں جمعہ کو برازیل اور کوسٹا ریکا کے میچ کے کوائن ٹاس کے وقت پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے احمد رضا بھی موجود تھے۔

احمد رضا کے والد شبیر احمد خود سیالکوٹ میں فٹ بال بناتے ہیں اور ان کا خاندان تین نسلوں سے فٹ بال کی سٹچنگ کا کام کرتا آیا ہے۔

احمد رضا نے بی بی سی کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیالکوٹ کے قائد اعظم پبلک سکول میں زیر تعلیم ہیں اور ان کو فٹ بال کا بہت شوق ہے۔

’ایک دن کوکا کولا والے سکول آئے اور انھوں نے فٹ بال کھیلتے ہوئے دیکھا اور 1500 پچوں میں سے مجھے منتخت کر کے لاہور لے گئے۔‘

لاہور میں پاکستان فیفا والے آئے اور انھوں نے مجھے دیکھا اور بعد میں بتایا گیا کہ وہ مجھے روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں لے کر جائیں گے۔

’مجھے آہستہ آہستہ بتایا گیا کہ روس کب جانا ہے وہاں کیا کرنا ہے اور کہاں ٹھہرنا ہے۔ پھر انھوں نے بتایا کہ کس میچ میں ٹاس کے وقت میں گراؤنڈ میں موجود ہوں گا تو پھر مجھے یقین ہو گیا کہ میں فیفا ورلڈ کپ کے لیے جا رہا ہوں۔‘

سینٹ پیٹرزبرگ گراؤنڈ میں برازیل بمقابلہ کوسٹا ریکا کے میچ کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہونے کے احساسات کے حوالے سے 15 سالہ احمد رضا نے کہا کہ وہ جب گراؤنڈ میں داخل ہوئے تو اس کے بارے میں انھوں نے پہلے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

’میں نے خواب بھی نہیں دیکھا تھا کہ میں فیفا کا میچ دیکھنے جاؤں گا اور وہ بھی اس ٹیم کا جو میری پسندیدہ ٹیم ہے جس میں میرا پسندیدہ کھلاڑی نیمار کھیلتا ہے۔ لیکن میری خوشی کی انتہا اس وقت نہ رہی جب نیمار میرے ساتھ آ کر کھڑا ہو گیا۔‘

انھوں نے بتایا کہ میں جب سٹیڈیم میں داخل ہوا تو ایک اور پاکستانی بھی وہاں تھا جس نے کہا ’ہیلو تم کہاں آ گئے ہو سیالکوٹ میں تو فٹ بال کھیلا ہی نہیں جاتا۔‘

اس کے جواب میں میں نے کہا ’کھیلا بھی بہی جاتا ہے اور بنتا بھی بہت ہے۔ تو اس نے جواب دیا کہ ہاں او کے۔‘

احمد رضا کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انھوں نے فیفا میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ’ابھی تو میں نے ٹاس کے وقت پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور اگر موقع ملا تو پاکستان کی فٹ بال ٹیم میں نمائندگی بھی کروں گا۔‘

’دادا، دادی، والد اور والدہ سب فٹ بال سیتے تھے‘

احمد رضا

Twitter

اپنے خاندان کی بات کرتے ہوئے احمد رضا نے کہا کہ ’میرے دادا ابو بھی فٹ بال سیتے تھے اور میرا دادی امی بھی سیتی تھیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ان کے والد شبیر احمد زیادہ پڑھے نہیں تو انھوں نے بھی دادا ابو کے ساتھ فٹ بال سینے شروع کر دیے۔

’شادی کے بعد میری امی نے بھی فٹ بال سینے شروع کر دیے۔ لیکن پھر اخراجات بڑھ گئے اور آمدنی کم تھی تو میرے والد نے مزدوری شروع کر دی اور رات کو جب وقت ملتا تھا تو وہ فٹ بال بھی سیتے تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ جب سے میں روس آیا ہوں تب سے ان کی والدہ روز فون کر کے دعائیں دیتی ہیں اور خوش ہوتی ہیں۔

یار ایسے نہ کیا کر جھوٹ کم بولا کر؟

’میں جب لاہور سے آیا تو میرے پاس فیفا کا روس میں فیفا ورلڈ کپ میں آنے کا دعوت نامہ تھا۔ میں نے اپنے دوستوں کو سکول میں بتایا کہ میں روس جا رہا ہوں تو میرے دوست میرا یقین نہیں کر رہے تھے اور مجھے کہتے تھے کہ یار ایسے نہ کیا کر جھوٹ کم بولا کر۔‘

احمد نے بتایا کہ جب روس جانے کا وقت قریب آیا تو وہ سکول نہیں گئے تو ان کے دوستوں کو یقین آیا تو انھوں نہ کہا ’سوری یار ہمیں نہیں معلوم تھا۔ ہمارے نیمار کی شرٹ لے آنا اور رونالڈو سے سائن کرا لینا۔‘

کن کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی؟

احمد رضا

Twitter

احمد رضا نے کہا کہ فیفا انتظامیہ کا اصول ہے کہ کسی کھلاڑی سے بات نہیں کرنی اور اگر کھلاڑی بات کر لے تو صحیح ہے۔

اپنے پسندیدہ کھلاڑی نیمار کے ساتھ ملاقات کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’میں جب ٹاس کے لیے کھڑا تھا تو میں سب سے آخر میں تھا تو نیمار میرے ساتھ آ کر کھڑے ہو گئے۔ میں نے ہمت کی اور ان سے ہاتھ ملا لیا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ وہ جب بھی آگے ہوتے کہ نیمار کے ساتھ کھڑا ہو جاؤں تو کوئی ان کو پیچھے کر دیتا۔

’میں ایک بار کوشش کر کے آگے ہوا اور ایک شخص سے کہا میری تصویر نیمار کے ساتھ کھینچو لیکن تصویر کھینچے والا کون تھا اور وہ کہاں گیا مجھے نہیں معلوم۔‘

’بیٹا میں فٹ بال سیتا ہوں اور تم کھیلتے ہو‘

احمد رضا کے والد شبیر احمد کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ بیٹے کی بدولت ان کو اتنی عزت ملی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ قائد اعظم پبلک سکول میں ہی ایک دوست ہے جو احمد رضا کو لے جاتا تھا فٹ بال کھیلنے۔ ’ایک دن میں نے احمد سے پوچھا کہ رات کے وقت کہاں نکل جاتے ہو تو اس نے مجھے بتایا کہ میں فٹ بال کھیلنے جاتا ہوں۔‘

’میں نے بھی کہا کہ ہاں بیٹا کھیلو میں فٹ بال سیتا ہوں اور تم کھیلتے ہو۔‘

انھوں نے بتایا کہ وہ پہلے فٹ بال بنانے والی فیکٹری میں کام کرتے تھے لیکن اب وہ سپلائر سے کام لے کر کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32187 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp