پی ٹی آئی کے حامیوں سے سوالات


تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران احمد خان نیازی نے 2013ء کے الیکشنز کے بعد خیبرپختونخوا میں حکومت ملنے کے بعد وعدوں اور دعووں کی بھرمار کر دی تھی۔ آج حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو وہی وعدے اور دعوے یاد دلائے جا رہے ہیں کہ وہ کہاں تک پورے ہوئے مگر جوابات کی بجائے ”نئے پاکستان“ کے سہانے خواب دکھائے جا رہے ہیں۔

تقریباً ایک ماہ قبل ہم نے بھی دوسرے پاکستانیوں کی طرح اپنے فیس بک پیج کے ذریعے تحریکِ اِنصاف کے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے عمران خان کے پانچ سال قبل کیے گئے وعدوں سے متعلق سوالات پوچھے، کسی نے جوابات تو نہیں دیے مگر انھوں نے اپنی رِوایَتی دشنام طرازی کا خوب مظاہرہ کیا۔ سوشل میڈیا پر یہی سوالات متعدد لوگوں نے اپنے سٹیٹس کے ذریعے پوچھے ہیں حتٰکہ ہمارے یہی سوالات ہوبہو کاپی کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بھی 12 جون 2018ء کو تحریکِ اِنصاف کے چیئرمین عمران احمد خان نیازی سے پوچھ لیے ہیں لیکن ابھی تک ہماری نظر سے ان سوالات کے جوابات نہیں گزرے۔ ہم نے سوچا ہے کہ “ہم سب” کی مقبولیت کا فائدہ کیوں نہ اُٹھایا جائے اور یہاں سے بھی مندرجہ ذیل سوالات پوچھ لیے جائیں، شاید قارئین کی کثیر تعداد کی وجہ سے کہیں سے جوابات مل جائیں۔

قابلِ احترام پی ٹی آئی سپورٹران! گالیاں نہیں، فقط جوابات درکار ہیں:

1۔ 350 ڈیمز کا کیا ہوا؟
2۔ وہ مساجد کے اِماموں کی تنخواہیں؟
3۔ مساجد میں سولرسسٹمز؟

4۔ وہ 250 کالج بن گئے؟
5۔ وہ ایک ہزار سٹڈیمز کہاں ہیں؟
6۔ پورے پاکستان کو بجلی فراہم کرنے والے منصوبوں کا کیا ہوا؟

7۔ وزیر اعلٰی ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی اور گورنر ہاٶس میں بننے والی پبلک لائبریری کو کون سے راستے جاتے ہیں؟
8۔ کیا خیبر پختونخوا میں نوے دن میں کرپشن ختم ہو گئی یا پھر پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعلٰی، وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی کے عہدے داران بھی کرپٹ نکلے؟

9۔ پشاور کو پیرس بنانے کی بجائے دنیا کے دوسرے گندے ترین شہر کا درجہ دلوانے کے بعد میٹرو کے کھنڈرات میں کیوں بدلا؟
10۔ وہ ٹرین منصوبے کا کیا ہوا؟
11۔ خیبر پختونخوا کو 100 سال تک فائدہ دینے والے پروجیکٹس کہاں ہیں؟

12۔ غیر ممالک سے نوکریوں کے لیے آنے والے غیر ملکی کس پردے میں چھپے ہوئے ہیں؟ اگر خیبرپختونخوا میں روزگار کے لیے آنے والے غیر ملکی پوشیدہ ہیں تو پھر صُوبہ سندھ کے شہر کراچی میں پشاور کی آبادی سے زیادہ لوگ خیبرپختونخوا سے روزگار کے لیے گئے ہوئے ہیں، کیا وہ واپس آ گئے ہیں یا وہاں مزید جانے سے رُک گئے ہیں؟

13۔ خیبر پختونخوا میں احتساب کا کیا حال ہے؟
14۔ خیبر پختونخوا میں اقربا پروری ختم ہو گئی یا پہلے سے مزید بڑھ گئی ہے؟
15۔ خیبر پختونخوا میں میرٹ کی دھجیاں اُڑنا بند ہو گئیں؟

16۔ افغانستان سے پاکستان میں آنے والی ہیروین اور چرس سمیت تمام نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس نے روک لی؟
17۔ کیا تحریکِ انصاف میں ثابت شدہ کرپٹ اور الیکٹیبلز لوٹوں کی بجائے پُرانے اور مخلص ورکروں کو سینیٹر، ایم این اے اور ایم پی اے کی ٹکٹوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے عہدے دیے جا رہے ہیں؟

18۔ آنجناب عمران احمد خان نیازی نے سرکاری وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کے ذاتی استعمال سے رتی برابر بھی پرہیز کیا؟
19۔ کیا عمران احمد خان نیازی نے قوم سے سچ بولنے کے وعدے کے باوجود کبھی سچ بولا اور یُوٹرنز لینا بند کیے؟

20۔ اگر عمران احمد خان نیازی آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں تو پھر وہ عدالت سے ساڑھے تین سال تک مفرور اشتہاری کیسے رہے؟
21۔ عمران احمد خان نیازی نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دیا، غیر حاضر رہے، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے رہے، پھر پارلیمنٹ سے تنخواہ کیوں لیتے رہے؟

22۔ کیا پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والا ایک آدمی جمہوری سیاستدان کے زمرے میں آتا ہے؟
23۔ جو سیاسی رہنما اپنے کُتے کا نام ٹائیگر رکھتا ہے اور اپنے ورکروں کو بھی ٹائیگرز کہتا ہے۔ کیا اِس سے بڑھ کر سیاسی ورکروں کی توہین ہو سکتی ہے؟

24۔ انقلابی رہنما عمران احمد خان نیازی کا فرمان تھا کہ مر جاؤں گا مگر قرضہ نہیں لوں گا۔ پھر اپنے حکومتی صوبے میں پانچ سالوں میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ساڑھے تین کھرب روپے کے قرضے کیوں لے لیے (حالانکہ اس سے قبل یہ صوبہ فقط 137 ارب روپے کا مقروض تھا)؟

25۔ 2013ء میں صادق و امین عمران احمد خان نیازی کے اپنے بقول اُن کے اثاثے ڈیڑھ کروڑ روپے کے تھے لیکن 2015ء میں بڑھ کر ڈیڑھ ارب روپے کے کس آمدنی سے ہو گئے؟

26۔ تحریکِ اِنصاف کے چاروں صوبائی صدور ثابت شُدہ کرپٹ ہیں اور جنرل سیکریٹری کرپشن کی وجہ سے سپریم کورٹ کی طرف سے تاحیات نا اہل ہونے کے باوجود پارٹی کے اہم فیصلے کرنے کے ساتھ ٹکٹیں بھی تقسیم رہا ہے۔ کیا عمران نیازی کا ڈنکے کی چوٹ پر یہی عملی مظاہرہ کرپشن سے نفرت پر مبنی ہے؟

27۔ کوئی تو یہ سادہ سی بات سمجھائے کہ نیب کرپشن کے زور دار مقدمات کے ساتھ کسی سیاستدان کے پیچھے لٹھ لے کر دوڑ پڑتا ہے اور جب وہ سیاستدان اپنی پارٹی چھوڑ کر دوڑتے ہوئے پی ٹی آئی میں پہنچتا ہے تو نیب لٹھ پھینک دیتا ہے، مقدمات بھول جاتا ہے اور اُس سیاستدان کے خلاف شور مچاتا ہوا میڈیا بھی بالکل خاموش ہو جاتا ہے۔ وجہ؟ وجہ صاف ظاہر ہے کہ “کوئی تو ہے‘‘ جو عمران نیازی کو 2018ء کے انتخابات میں دھونس و دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں لانا چاہ رہا ہے۔ اِس صورت حال میں شریفوں اور عمران نیازی میں کوئی فرق؟

28۔ کیا تحریکِ انصاف میں تربیت کا انتہائی فقدان ہے یا پھر یہ پارٹی نظریاتی طور پر اِتنی بانجھ ہے کہ اپنے قیام کے بائیس سال بعد بھی اِس پارٹی کا مرکزی ترجمان وہ شخص ہے، جو رواں دہائی میں چار سیاسی جماعتیں تبدیل کر چکا ہے؟

29۔ عمران خان سیاسی جلسوں میں گھنٹوں لیکچر دیتے ہوئے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی مثالیں دیتے ہیں۔ یہ بھی کہتے ہیں کہ دیکھیں ہالینڈ کا وزیر اعظم سائیکل پر دفتر جاتا ہے۔ یہ بڑی گاڑیاں اور پروٹوکول غلط ہے۔ لیڈر کو سادہ زندگی گزارنی چاہیے۔ لیکن آنجناب عمران احمد خان نیازی اپنے اقوال کے برعکس بذاتِ خود ایک کروڑ روپے سے زائد رقم کا عمرہ کیسے کر لیتے ہیں؟

30۔ تبدیلی کے نشان عمران احمد خان نیازی اگر ایک چھوٹے صوبے میں کچھ نہیں کر سکے تو پھر پورے پاکستان میں کیا چمتکار دکھائیں گے؟
حضور! گالیاں نہیں، فقط جوابات درکار ہیں!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).