ورلڈ کپ 2018: انگلینڈ ’بڑے میچ‘ کا منتظر اور جاپان ہار گیا مگر۔۔۔


انگلینڈ

روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پہلے مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی تمام 16 ٹیموں کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے۔

جمعرات کو ابتدائی مرحلے کے آخری چار میچ گروپ جی اور ایچ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے۔

ان میچوں کے بعد گروپ جی سے بیلجیئم اور انگلینڈ جبکہ گروپ ایچ سے کولمبیا اور جاپان نے ناک مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

بیلجیئم اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے انگلش ٹیم کو ایک، صفر سے شکست دی۔

’رمضان نے مصری ٹیم کو بری طرح متاثر کیا‘

میراڈونا کی شرارتیں انھیں سرخیوں میں رکھتی ہیں

جرمنی ورلڈ کپ سے باہر، برازیل ناقابل شکست

اس میچ سے قبل دونوں ہی ٹیمیں ناقابل شکست رہی تھیں اور دونوں ہی اپنے ابتدائی میچز جیت کر پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ بنا چکی تھیں۔

انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد بیلیجیئم کے کوچ نے کہا کہ ’یہ جیت بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہے۔‘

انگلینڈ

دہائی کا سب سے بڑا میچ؟

انگلینڈ کے کوچ گیرتھ ساؤتھ گیٹ نے کہا کہ وہ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اپنے اہم کھلاڑیوں کو بچا کر رکھنا چاہتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ برابری کا میچ تھا۔ یہ ہمارے لیے اچھا امتحان تھا۔ ہم یہ میچ جیتنا چاہتے تھے لیکن ناک آؤٹ مرحلے کا میچ ہمارے لیے ایک دہائی میں سب سے بڑا میچ ہے اس لیے ہمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کو بچا کر رکھنا تھا۔‘

انگلینڈ نے اس ورلڈ کپ میں اپنے گروپ میچز میں تیونس کو دو، ایک اور پاناما کو چھ، ایک سے شکست دی تھی۔

جاپان

جاپان ہار تو گیا مگر۔۔۔۔۔۔

گروپ ایچ سے کولمبیا کے علاوہ ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم جاپان کی ہے۔

جمعرات کو ہی کھیلے جانے والے میچ میں پولینڈ نے جاپان کو شکست تو دی لیکن وہ خود اگلے مرحلے تک نہ پہنچ سکا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گروپ ایچ سے کولمبیا نے میچ جیتے جبکہ جاپان اور سنیگال ایک، ایک میچ جیت کر بالکل برابری پر آگئے تھے لیکن جاپان ’فیئر پلے پوائنٹس‘ میں سنیگال سے آگے نکل گیا اور اس طرح اس نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

فٹبال ورلڈ کپ

کون کس سے ٹکرائے گا؟

ورلڈ کپ 2018 کے گروپ میچز کا اختتام ہو گیا ہے اور کل 32 ٹیموں میں سے صرف 16 ٹیمیں ہی رہ گئی ہیں۔

اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں بچی ہے کیونکہ یہ ناک آؤٹ مرحلہ ہے۔

اس ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز 30 جون کو فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ اسی روز دوسرا میچ پرتگال اور یوروگوائے کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یکم جولائی کو پہلا میچ سپین اور میزبان روس کے مابین کھیلا جائے گا اور دوسرے میچ میں کروشیا اور ڈینمارک آنے سامنے ہوگے۔

اس طرح دو جولائی کو برازیل اور میکسیکو جبکہ بیلیجیئم اور جاپان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

ناک آؤٹ مرحلے کے آخری دو میچ تین جولائی کو سویڈن اور سوئٹزر لینڈ، کولمبیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp