تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات پر مرکزی رہنما جہانگیر ترین بیرون ملک چلے گئے۔

تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کی کھچڑی پکنے لگی، اختلافات اور نااہلی پر تنقید کی زد میں آنے والے مرکزی رہنما تمام تر انتخابی سرگرمیاں چھوڑ کر لندن روانہ ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نااہلی کے بعد جہانگیر ترین کو پارٹی کے بعض رہنماؤں کے رویے سے سخت مایوسی ہوئی اور ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا۔ دوسری جانب جہانگیرترین کے قریبی ذرائع کہتے ہیں وہ اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں منانے لندن گئے ہیں جلد واپس آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پارٹی رہنماؤں کے بالواسطہ حملوں اور میڈیا میں بغیر نام کے اپنی ذات کو نشانہ بنائے جانے پر سخت مایوس تھے جس کا انہوں نے چیئرمین عمران خان سے کھل کراظہار بھی کیا۔

دو روز قبل میڈیا میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کا نوٹس لیتے ہوئے عمران خان نے قائدین کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا تھا۔

انتخابات سے قبل اس اہم مرحلے پر جہانگیر ترین کے  پارٹی سرگرمیاں معطل کرکے بیرون ملک جانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور مرکزی رہنما کا اچانک پارٹی سے کنارہ کشی کرنا بہت سے سوالوں کو جنم دے رہا ہے۔