’گینڈے کے شکاری‘، خود شیر کا شکار بن گئے


جنوبی افریقہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک گیم ریزروو میں شیروں نے گینڈے کے کم از کم دو مشتبہ شکاریوں کو جان سے مارنے کے بعد کھا لیا ہے۔

جنگلات کے تحفظ پر مامور اہلکاروں کو دو، ممکنہ طور پر تین افراد کی باقیات سیبویا ریزروو میں شیروں کے علاقے کے پاس سے ملی ہیں۔

اسی مقام سے ایک ہائی پاوور رائیفل اور ایک کلہاڑی بھی ملی ہے۔

ایشیا کے بعض ممالک میں گینڈے کے سینگھوں کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے کے لیے حالیہ سالوں کے دوران افریقہ میں شکار میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سیبویا ریزروو کے مالک نک فاکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشتبہ شکاری اتوار کی رات یا پیر کی صبح اس احاطے میں داخل ہوئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے نک فاکس نے بتایا: ’یہ افراد بہت سے شیروں میں پھنس گئے، شیر بہت زیادہ تھے اس لیے انھیں زیادہ وقت نہیں ملا۔‘

’ہمیں ان کی تعداد کے بارے میں صحیح طرح سے معلوم نہیں، وہاں ان کا کچھ نہیں بچا۔‘

شکار کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی ٹیم وہاں پہنچی تو انھیں شکار کے لیے استعمال ہونے والی رائفل ملی جس پر سائلنسر لگا تھا، ایک بڑی کلہاڑی، تاریں کاٹنے والا آلہ، جو عام طور پر گینڈوں کے شکاری استمعال کرتے ہیں وہاں سے ملے۔

نک فاکس نے مزید بتایا کہ ’ان افراد کی باقیات کو وہاں سے اٹھانے کے لیے بہت سے شیروں کو پہلے بہوش کرنا پڑے گا۔‘

پولیس آس پاس کے علاقوں کا دورہ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ شاید ان مشتبہ شکاریوں میں سے کوئی بچا یا نہیں۔

صرف رواں سال مشرقی کیپ صوبے میں نو گینڈوں کو شکاریوں نے مارا، جبکہ جنوبی افریقہ میں گذشتہ دس سالوں میں سات ہزار سے زائد گینڈے مارے جا چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp