کپتان جیت گیا ، نوازشریف کو جیل ہو گئی


نوازشریف کو احتساب عدالت نے قید و جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ لندن فلیٹ بھی ضبط ہونگے۔ اسی لاکھ پاؤنڈ دینے ہونگے اور دس جیل میں آٹا گوندھنا ہو گا کہ قید بامشقت ہے۔

مریم نواز کو بھی سزا ہوئی ہے ۔ کیپٹن صفدر کو بھی اتنی سی سزا ہو گئی ہے جتنی سی ان کی سیاسی اہمیت ہے۔

کپتان نے ایک لمبی پیچیدہ اور تھکا دینے والی لڑائی جیت لی ۔ اب الیکشن بھی وہی جیتے گا ۔ اس فیصلے کے بعد جیپ گروپ بھی ڈوب گیا ۔ کپتان آ رہا ہے ۔ نواں پاکستان بن رہا ہے۔ یہ سب تو اب تقریبا طے ہو گیا۔

جو بات طے نہیں ہو سکی وہ ہے نوازشریف اور نون لیگ کی سیاست۔ کیا یہ اب بچے گی یا برباد ہو گئی۔ نوازشریف زیرو ہو گئے ہیں یا اب بھی وہ ہیرو بنیں گے؟ آج اگر وہ رہ گئے ہیں ہار گئے تو کیا تاریخ میں بھی وہ رل گئے ہیں؟

ان سب سوالوں کا انحصار اب نوازشریف کے ردعمل پر ہے۔ اس راہ پر ہے جو وہ اب اختیار کریں گے۔ وہ لندن میں اک تفصیلی پریس کانفرنس کرتے ہیں۔ پاکستان واپس آتے ہیں جیل جاتے ہیں۔ اپنی قانونی جنگ اعلی عدالتوں میں لڑتے ہیں۔ اپنے اچھے وقت کا انتظار کرتے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے ورکروں ووٹروں کا مورال تو لازمی ڈاؤن ہو گا۔

نوازشریف اب اس کو اٹھا سکیں گے۔ کیسے اور کتنا ؟ اس کے لیے وہ کیا سیاسی اقدام کرتے ہیں۔ یہ مقدمہ سیاسی مقاصد کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ اس کا جواب بھی سیاسی ہی آئے گا۔

پاکستانی سیاست میں چار دہائیوں تک سرگرم رہنے والا سیاستدان۔ اب اپنی سیاست کیسے بچاتا ہے یہ دیکھنےسے تعلق رکھے گا۔ پاور گیم بے رحم ہوتی ہے۔ اس کی بے رحمی کا شکار نوازشریف ہو گئےہیں۔ جو اسی کھیل کے سب سے بے رحم کھلاڑی ہیں۔

اب کیا وہ لاہور اترے ہیں اور جیل جانے کے لیے بھی پنڈی کا روٹ لیتے ہیں۔ ایسا کر پائیں گے کہ جیل جانے سے پہلے اپنے ووٹر سے رابطہ کر سکیں۔ کیا مریم ان کے ساتھ آئیں گی۔ یا ان کی آمد کے بعد دوسری کوشش کریں گے اسی ووٹر سے رابطے کی۔

اب سیاست نوازشریف کے ردعمل کے گرد گھومے گی اگر وہ کوئی ردعمل دے سکے تو۔ ورنہ کپتان نے انہیں چت کر کے اپنی لڑائی جیت لی ہے۔ وہ اب اگلا وزیراعظم ہوگا۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi