نجم صاحب بہت مایوس ہیں


\"Peerzadaنجم صاحب کہنے لگے، میں اس قدر مایوس ہوں کہ کیا بتاؤں، کل میں جب اسلام آباد سے واپس آ رہا تھا تو ایک لڑکا اکانومی کلاس سے اٹھ کر میرے پاس آیا اور میرے ساتھ سیلفی لینے کی درخواست کی، میں نے کہا کیوں نہیں، جب وہ سیلفی  لے چکا تو میں نے اس سے پوچھا کہ آپ کیا کرتے ہیں، بولےاردو ادب کا طالب علم ہوں، میں نے کہا واہ، کوئی شعر سنایے تو کہتے ہیں مجھے شعر یاد نہیں رہتے، تو میں نے پوچھا نثرمیں کسے پسند کرتے ہیں، کہنے لگے نثر میں اخبار کے کالم شوق سے پڑھتا ہوں…حد ہے…

میں نجم الزمان صاحب کی باتیں غور سے سن رہا تھا، میں نے پوچھا آپ اسلام آباد کیوں گئے تھے، جواب دیا، ایک این جی او کا پروگرام تھا، ایک سیشن میں میں پینل پر تھا، ایک سے ایک آدمی ٹکرایا، موضوع تھا کتاب کی اہمیت، میں نے اپنی تقریر میں کہا کہ audience میں سے کس کس نے Calvino کا ناول Invisible Cities پڑھا ہے، تو یقین جانیے 300 کے ہال میں دو ہاتھ اٹھے، اب بتایے بات کیا ہوتی، اتنی مایوسی ہے کہ نہ پوچھیے…

ویسے اسلام آباد شہر کیسا ہے؟ میں نے سوال کیا، \”ارے آپ کبھی نہیں گئے؟\” انہوں نے مجھ سے سوال کیا، میں نے کہا آخری بار کوئی آٹھ دس برس پہلے گیا تھا، اس وقت تو آدھا قبرستان اور آدھا قریب المرگ لوگوں کا شہر محسوس ہوتا تھا

\”ارے نہیں نہیں، اب بہت بدل گیا ہے، جس ہوٹل میں میں ٹھہرا ہوا تھا، وہاں سے کمال کا منظر نظر آتا ہے، ایک طرف جناح سپر مارکیٹ اور دوسری طرف سبزپہاڑ، اور پھر اس بار تو ہوٹل کا کھانا بہت لذیذ تھا، پچھلی بار جب میں اس میں رہا تھا تو صرف ناشتے کا buffet spread پسند آیا تھا، اس بار تو کھانا بھی… مگرسچ پوچھو تو مایوسی بہت ہے\”

اچھا آج کل کیا کر رہے ہیں نجم صاحب، میں نے موضوع بدلنا چاہا

\”کرنا کیا ہے، ابھی آفس سے لنچ ٹائم میں آیا ہوں، سلیم اورآذر کے ساتھ bridge کھیلوں گا، پھر دفتر جا کرکل کا کالم لکھنا ہے…\”

عنوان کیا ہے کالم کا؟

\”یہی، مایوسی\”

جی، یہ تو ہے، آپ انگریزی میں لکھتے ہیں، اس سےآپ کی بات کا ابلاغ زیادہ لوگوں تک نہیں ہوتا ہوگا، آپ اردو میں بھی لکھا کیجیے

\”یار وقت کی بہت کمی ہے\”

وہ کیسے ؟

\”بھئ، مصروفیت کچھ ایسی ہے، آے دن کوئی نہ کوئی کانفرنس یا فیسٹیول ہو رہا ہوتا ہے، اور مجھے کسی نا کسی پینل پر ڈال دیتے ہیں…\”

تو آپ ایک آدھ کو انکار کر دیا کیجیے

\”یار مجھ سے انکار نہیں ہوتا ہے، اتنی محبت سے لوگ بلاتے ہیں\”

مگر آپ تو لوگوں سے مایوس ہیں

 \”ہاں،لیکن اس بہانے وہ جو گنتی کے دو چار پڑھے لکھے افراد ہیں ان سے ملاقات ہو جاتی ہے، اوراچھا buffet spread  مل جاتا ہے… لیکن مایوسی واقعی بہت ہے\”

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments