میکسویل نے سرفراز سے ہاتھ کیوں نہیں ملایا؟


کرکٹ

اتوار کو سہ ملکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے سے فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کپتان سرفراز احمد اور گلین میکسویل کے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا تھا، تو کیا میچ کے بعد سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کی وجہ یہی تھی؟

اتوار کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر اپنی مسلسل نویں سریز جیتی۔

اس کامیابی کی خوشی میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد بھاگتے ہوئے گراؤنڈ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود پاکستانی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے لگے۔

اس دوران جب سرفراز احمد نے آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل کی جانب ہاتھ بڑھایا تو بظاہر ایسا لگا جیسے میکسویل نے جان بوجھ کر ان سے ہاتھ نہیں ملایا اور صرف شعیب ملک اور وہیں موجود امپائر سے ہاتھ ملانے کے بعد چل دیے۔

بعد میں اس واقع پر بعض میڈیا رپورٹس میں کہا جانے لگا کہ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان میچ کے دوران الفاظ کا تبادلہ ہوا تھا لہٰذا ہاتھ نہ ملانے کی یہی وجہ ہو سکتی ہے۔

اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کھیل کے جذبے کے خلاف قرار دیا جا رہا تھا۔

تاہم آسٹریلین کرکٹر گلین میکسویل نے بعد میں ان تمام رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد سے ہاتھ ملانا ’واقعی بھول گیا تھا۔‘

پیر کو گلین میکسویل نے اپنے وضاحتی پیغام میں کہا ہے کہ ’گذشتہ روز پاکستان کی کامیابی پر مبارک باد۔ فخرزمان اور شعیب ملک کو روکا نہیں جا سکتا تھا۔ دورہ زمبابوے کا اختتام مایوس کن ہوا لیکن اس کے باوجود اس میں بہت سے مثبت پہلو تھے۔‘

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میچ کے بعد دکھائے جانے والا واقعہ بظاہر کھیل کے جذبے کے خلاف دکھائی دیا، اور ایسا بالکل نہیں تھا جیسا میں کھیل کھیلا۔ یہ میری طرف سے ایک واقعی بھول تھی اور اب میں ہوٹل جارہا ہوں تاکہ سرفراز سے ہاتھ ملا سکوں اور ان کی ٹیم کی فتح پر مبارکباد پیش کر سکوں۔‘

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی کپتان کے ساتھ ہاتھ نہ ملانے سے گلین میکسویل نے ایک اچھی مثال قائم نہیں کی جبکہ بچے اس برتاؤ کو دیکھ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میکسویل کو پاکستان ٹیم اور سرفراز سے معذرت کرنا چاہیے۔

 

خیال رہے کہ زمبابوے میں میزبان ملک کے علاوہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹی 20 سہ ملکی ٹورنامنٹ منعقد ہوا تھا۔

پاکستان نے 184 رنز کا ہدف فخر زمان کی 91 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت باآسانی 20ویں اوور میں حاصل کر لیا تھا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp