الیکشن 2018: انتخابی بینرز پر آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر، تحریک انصاف کا امیدوار نااہل


پاکستان کے الیکشن کمیشن نے انتخِابی بینرز پر فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی تصاویر لگانے پر امیدوار کو 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دے دیا ہے۔

نااہل ہونے والے امیدوار ناصر چیمہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی53 سے حصہ لے رہے تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ناصر چیمہ کی طرف سے بری فوج اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی تصاویر انتخابی بینرز پر آویزاں کرنے سے متعلق ایک درخواست الیکشن کمیشن میں آئی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان نے اس درخواست کی سماعت کرتے ہوئے امیدوار ناصر چیمہ کو طلب کیا تھا۔

نامہ نگار کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سے استفسار کیا کہ کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ان کے رشتہ دار ہیں، جس پر ناصر چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ دونوں شخصیات ان کے رشتہ دار نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں!

‘میں نے اپنی مخالفت کو ہی اپنی طاقت بنایا ہے’

الیکٹ ایبلز کون ہوتے ہیں؟

’ووٹ مانگنے نہ آئیں، اس نظام سے بیزار ہیں‘

چیف الیکشن کمشنر نے امیدوار سے استفسار کیا کہ تو پھر اُنھوں نے ان دو اہم شخصیات کی تصاویر اپنے انتخابی بینرز پر کیوں لگائی ہیں۔ جس پر پہلے تو ناصر چیمہ نے کہا کہ یہ بینرز اُنھوں نے نہیں تیار کروائے بلکہ اُن کے سپورٹرز نے تیار کیے ہیں۔

عمران

ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے

چیف الیکشن کمشنر کے استفسار پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے یہ موقف اختیار کیا کہ چونکہ انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطۂ اخلاق جاری نہیں ہوا تھا اس لیے اُنھوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر لگائی تھیں۔

امیدوار کا کہنا تھا جب الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطۂ اخلاق جاری ہوا اس کے بعد سے ان دونوں شخصیات کی تصاویر انتخابی بینرز سے ہٹا دی گئی ہیں۔

ناصر چیمہ نے اس ضمن میں تحریری جواب بھی جمع کروایا جسے چیف الیکشن کمشنر نے اس تحریری جواب کو مسترد کرتے ہوئے اُنھیں اس ماہ ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے پاس الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا آپشن موجود ہے۔

الیکشن


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32302 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp