’شاہین ایئر سوا ارب روپے کی نادہندہ، اسلام آباد سے دبئی کی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ‘


پاکستان میں ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کی سب سے بڑی نجی ایئرلائن شاہین ائیر کی اسلام آباد-دبئی-اسلام آباد سیکٹر کی پرواز این ایل 221/224 کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے۔

یہ اجازت 13 جولائی سے منسوخ کی گئی ہے جس کے بعد سے شاہین ایئر اس روٹ پر پروازیں نہیں چلا سکے گی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

اے 380 کی اسلام آباد آمد: کہیں خوشی، کہیں غم

پی آئی اے کی نیویارک کی پروازں کی ’بندش‘

پی آئی اے کا کراچی تا ممبئی پروازیں معطل کرنے پر غور

شاہین ایئر کے ترجمان نے بی بی سی بات کرتے ہوئے بتایا کہ’شاہین اس فیصلے پر بہت حیران ہے کہ سول ایوی ایشن نے اتنا سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا جس سے مسافروں کو تکلیف پہنچے گی۔’

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے شاہین ایئر کو جاری کیے گئے خط میں ائیر لائن سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حوالے سے متاثرہ مسافروں کو آگاہ کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی زحمت سے بچ سکیں.

سول ایوی ایشن کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شاہین ایئر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سوا ارب روپے سے زائد کی نادہندہ ہے جس کی وجہ سے شاہین کے پروازوں کے آپریشن میں گذشتہ کئی مہینوں میں تعطل آ چکا ہے۔

جبکہ شاہین کے حکام نے اس بات کی تردید کی کہ شاہین سول ایوی ایشن کو واجبات ادا کرنے والی سب سے بڑی ایئرلائن ہے۔

’کچھ عرصے سے ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی جس پر شاہین سی اے اے سے بات چیت کر رہی تھی مگر اس اقدام سے مسائل مزید بڑھیں گے کم نہیں ہوں گے۔’

13 جولائی یا اس کے بعد مذکورہ فلائٹ سے دبئی جانے کے خواہشمند مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے لیے کسی متبادل فلائٹ کا بندوبست کریں۔

مسافروں کو متبادل پروازوں کا مشورہ دینے کے بیان پر شاہین نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ ‘سول ایوی ایشن کے قوانین میں اس قسم کے اقدامات کی گنجائش نہیں ہے۔‘

خیال رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا مسافر طیارے ایئربس اے 380 جسے سُپر جمبو بهی کہا جاتا ہے اتوار کو پاکستان پہلی بار اترا جب متحدە عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس نے ایک خصوصی پرواز کے ذریعے اسے اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتارا تھا۔

اس پر شاہین کے ترجمان کی جانب سے بی بی سی کو موصول ہونے والے ایک پیغام میں کہا گیا تھا کہ ‘آج پاکستان کی ایوی ایشن کی تاریخ کا سیاە دن ہے جب ایمریٹس کو اے 380 اسلام آباد لانے کی اجازت دی گئی۔ یہ مقامی ہوابازی کی صنعت کے لیے ایک بہت بڑا دهچکہ ہے۔’

شاہین ایئرلائن نے پہلے سے ہی دبئی کے لیے اپنی تمام پروازیں بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp