’منی لانڈرنگ سکینڈل‘: آصف زرداری اور فریال تالپور کو شو کاز نوٹس جاری


آصف علی زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس صورتحال پر لاہور میں اپنا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں بلاول بھٹو بھی شرکت کر رہے ہیں

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک جعلی اکاؤنٹ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں منتقلی کے بارے میں بتائیں۔

کراچی میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ کو نوٹس میں آگاہ کیا ہے کہ اے ون انٹرنیشنل کے اکاؤنٹ سے سمٹ بینک میں زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی منتقلی کی گئی ہے۔

تفتیشی افسر نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو آگاہ کیا کہ وہ بدھ کو دوپہر ایک بجے اپنے اوریجنل شناختی کارڈ سمیت اپنا بیان ریکارڈ کرائیں اور اس رقم کی منتقلی کا جواز بیان کریں۔

آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

جعلی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کس کس کو منتقل ہوئے؟

نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق اس نوٹس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ جان بوجھ کر پیش نہیں ہوتے تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے 29 جعلی اکاؤنٹس کے معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا، جس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت ایک درجن افراد کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اس مقدمے میں سمٹ بینک کے وائس چیئرمین حسین لوائی اور ان کے ساتھی طلحہ رضا پہلے ہی گرفتار ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اپنی ایف آئی آر میں بتایا ہے کہ 29 مشکوک اکاؤنٹس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنےآئی کہ ایک اکاؤنٹ جو اے ون انٹرنیشل کے نام سے موجود تھا جس کا مالک طارق سلطان نامی شخص کو ظاہر کیا گیا تھا، اسے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

فریال تالپور

آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بدھ کو دوپہر ایک بجے اپنے اوریجنل شناختی کارڈ سمیت اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا گیا ہے

طارق سلطان نے اس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

ایف آئی اے نے اپنی تحقیقات میں چار ارب 14 کروڑ کی مزید مشکوک منتقلی کی نشاندھی کی ہے، جس سے مستفید ہونے والوں، متحدہ عرب امارات کے نصیر عبداللہ لوطہ گروپ کے سربراہ، آصف علی زرداری اور ان کی بہن کا گروپ اور آصف زرداری کے قریبی دوست انور مجید شامل ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے دائر کی گئی ایف آئی آر کے مطابق نصیر عبداللہ لوطہ نے چیئرمین سمٹ بینک کو 2 ارب 49 کروڑ، انصاری شگر ملز جس کے مالک انور مجید اور علی کمال مجید ہیں کو سات کروڑ 37 لاکھ، اومنی پولیمرز پیکجز کے عبدالغنی مجید اور کمال مجید کو 50 لاکھ، پاک اتھنول کے مصطفیٰ ذوالقرنین مجید اور عبدالغنی مجید کو ایک کروڑ 50 لاکھ، چمبڑ شگر ملز کے مالک انور مجید اور نمر مجید کو 20 کروڑ، ایگرو فارمز ٹھٹہ کے مالک انور مجید اور نازلی مجید کو 57 لاکھ، زرداری گروپ جس کے مالک آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور اور دیگر ہیں کو ایک کروڑ، پارتھی نون کے قابل خان نوری کو پانچ لاکھ، ایون انٹرنیشنل کو پانچ لاکھ 76 ہزار، لکی انٹرنیشنل کو دو کروڑ 72 لاکھ، لاجسٹک ٹریڈنگ کو 14 کروڑ 50 لاکھ، رائل انٹرنیشنل کو 28 کروڑ اور عمیر ایسوسی ایٹس کو 80 کروڑ کی منتقلی ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس صورتحال پر لاہور میں اپنا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں بلاول بھٹو بھی شرکت کر رہے ہیں۔ بلاول اپنی انتخابی مہم مختصر کر کے پیر کی شام لاہور پہنچ چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp