جب دلہن انتہائی پسندیدہ سرپرائزملنے پہ رو پڑی


 شادی کے موقع پر دلہن کو کسی چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے تو وہ اپنی قریبی سہیلیوں کا ساتھ ہے۔ اب ایسی دلہن کی اداسی کا آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ جس کی عزیز ترین سہیلی ہی بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اس کی شادی میں شرکت کرنے سے قاصر ہو۔ اور پھر سوچئے کہ اس اداس دلہن کی خوشی کا کیا عالم ہو گا اگر چپکے سے اس کی عزیز ترین سہیلی اچانک اس کے سامنے آن موجود ہو۔

ویب سائٹ bombypaparazzi.com پر شئیر کی جانے والی اس خوبصورت ویڈیو میں عین یہی مناظر دکھائی دیتے ہیں، جنہیں دیکھنے والی ہر آنکھ نم ہو گئی ہے۔ دراصل اس دلہن کی قریبی ترین سہیلی کینیڈا میں مقیم تھی اور شادی کے موقع پر آنے سے قاصر تھی۔ دلہن اس بات پر مغموم تھی لیکن بہرحال اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ یہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب وہ اپنی دیگر سہیلیوں میں گھری بیٹھی ہے کہ اچانک اس کے سامنے وہ سہیلی آن کھڑی ہوتی ہے جسے دیکھنے کو اس کی آنکھیں بے تاب تھیں۔ اس کی یہ سہیلی اسے سرپرائز دینے کے لئے کینیڈا سے خاموشی کے ساتھ آن پہنچی تھی۔ اسے دیکھتے ہیں دلہن اوراس کی دیگر سہیلیاں خوشی سے چیخ اٹھیں اور پھر دلہن اپنی عزیز از جان سہیلی سے گلے لگ کر ہچکیاں لیتے ہوئے رونے لگی۔ اس موقع پر دیگر لڑکیوں کی آنکھیں بھی شدت جذبات سے نم ہو گئیں۔ سچ تو یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جس نے بھی اس ویڈیو کو دیکھا ہے اس کی آنکھوں سے آنسو چھلک گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).