جوڈیشل ایکٹویزم پینل نامی تنظیم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی میڈیا کوریج روکنے کے لئے متحرک ہو گئی


سزا یافتہ نواز شریف مریم نواز اور کیپٹن ریٹائیرڈ صفدر کی میڈیا کوریج روکنے کے لیے پیمرا کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ خط میں نواز شریف سمیت دیگر مجرموں کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خط جوڈیشل ایکٹویزم پینل نامی تنظیم کی جانب سے لکھا گیا۔ 2008 میں سامنے آنے والی یہ تنظیم ماضی میں کرکٹر شاہد آفریدی کے خلاف پیٹیشن داخل کروا چکی ہے۔ یہ تنظیم ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے سرگرم رہی ہے۔ جولائی 2017 میں برسراقتدار سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم کے خلاف تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے اہل کاروں کی شمولیت پر اعتراض کیا تو جوڈیشل ایکٹویزم پینل نامی تنظیم نے اس وقت کے وفاقی وزرا احسن اقبال، سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی اور خواجہ محمد آصف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

جوڈیشل ایکٹویزم پینل نامی تنظیم کے سربراہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق ہیں جو لاہور کی وکلا برادری میں اپنی ہنگامہ پرور طبیعت کے لئے جانے جاتے ہیں اور متعدد مواقع پر وکلا کی ہنگامہ آرائی کا حصہ رہے ہیں۔ ایک موقع پر وہ اوریا مقبول جان کی حمایت میں مشتعل وکلا کا ایک جتھہ لے کر پیمرا کی پنجاب انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں زبردستی داخل ہو گئے تھے اور پیمرا پنجاب کے ارکان کو سرعام دھمکیاں دی تھیں۔ اس تنظیم کے نمایاں ارکان میں ہمایوں فیض رسول، محمد عرفان، منیر احمد، زاہد صدیق اور سدرا چوہدری شامل ہیں۔ تنظیم کے اجتماعات میں سول حقوق کے حامی کہلانے والے آمنہ ملک اور عبداللہ ملک بھی دیکھے جاتے ہیں۔

جوڈیشل ایکٹویزم پینل کی طرف سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف مذکورہ خط کی کاپی الیکشن کمشن، پیمرا اور پریس کونسل آف پاکستان کو بھجوائی گئی ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالتوں سے سزا یافتہ مجرموں کی میڈیا اخبارات اور سوشل میڈیا پر پذیرائی کی جا رہی ہے۔

خط میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ سزا یافتہ مجرموں کی میڈیا پر تشہیر آئین کے آرٹیکل 9۔17۔ 19 کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف سمیت دیگر مجرموں کی مثبت تشہیر آئین اور قانون کے منشا کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں استدعا کی گئی ہے کہ پیمرا، الیکشن کمشن اور پریس کونسل آف پاکستان نواز شریف سمیت دیگر مجرموں کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کریں۔ خط میں استدعا کی گئی ہے کہ مجرموں کی تشہیر نہ روکی گئی تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).