خوشی کو تلاش کرنا اتنا مشکل نہیں


خوش باش، زندگی سے بھرپور، ہنستے مسکراتے اور جینے کا لطف اٹھانے والے لوگوں کو دیکھ کر ہمیں بھی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ انسان مثبت توانائی کی طرف زیادہ شدّت سے متوجہ ہوتا ہے۔ مثبت توانائی کی کشسش زیادہ ہوتی ہے۔ اکثر اوقات راہ چلتے، خریداری کرتے ہوئے، ڈرائیو کرتے ہوئے انٹر سیکشن پر اچانک کسی خوش باش چہرے پر نظر پڑ جاتی ہے اور اچانک ہم بھی غیر محسوس طور پر خوشی محسوس کرنے لگتے ہیں ہم بھی اس خوشی کی مقناطیسی فیلڈ میں داخل ہو جاتے ہیں۔ یوں ایک نا معلوم انجان شخص ہمیں خوشی جیسی بیش قیمت چیز دے کر آگے بڑھ جاتا ہے۔

ہمارے قرب و جوار میں، ہمارے آس پاس اور ہمارے ارد گرد خوش لوگوں کی موجودگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ چاہے ہم خود خوش ہوں یا ہمارے آ س پاس خوش لوگوں کی اکثریت ہو، خوشی کی یہ موجودگی ہماری ذاتی نشو و نما کے لئے از حد ضروری ہے۔ ہمارا ارتقا کا سفر اس خوشی کی عدم موجودگی میں ادھورا رہ جاتا ہے۔ ہمیں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے جس توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، خوشی اسے ایندھن فراہم کرتی ہے۔

بذات خود خوش رہنا اور خوش لوگوں کے ساتھ رہنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اگر آپ اداس ہیں، خود رحمی کا شکار ہیں یا زندگی سے بیزار ہیں فوری طور پر ایسے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا شروع کر دیں جو بے سروپا باتیں کرتے ہوں، جن کی باتوں کا نہ سر ہو نہ پیر، جو بے مقصد باتوں پر آپ کے ساتھ مل کر اتنا ہنسیں کہ آپ کا ہنس ہنس کر منہ تھک جائے، آپ کی پسلیوں میں ہنس ہنس کر درد ہو جائے اور آپ روزمرہ کام کرتے ہوئے ان باتوں کو یاد کر کے بلا وجہ مسکرانے لگیں۔ یقین مانیں آپ کو کسی ماہر طبیب کی ضرورت باقی نہیں رہے گی، زندگی پھر سے مسکرانے لگے گی، پھولوں کے رنگ پھر سے نظر آنے لگیں گے اور پرندوں کی چہچہا ہٹ پھر سے سنائی دینے لگے گی۔

خوشی وبا کی طرح ایک انسان سے دوسرے انسان کو منتقل ہوتی چلی جاتی ہے۔ دوسروں کو مسکراتا دیکھ کر ہم بھی غیر شعوری طور پر مسکرانے لگتے ہیں۔ مسکراہٹ کی یہ زبان تمام انسان بخوبی سمجھ لیتے ہیں۔ یہ وہ کرنسی ہے جو ہر جگہ چلتی ہے۔ کسی کی مسکراہٹ کے جواب میں مسکرا دینے سے بھی ہمارے جسم میں خوشی کے ہارمونز انڈورفینز، ڈو پا مین اور سیروٹونین خارج ہونے لگتے ہیں۔

انسان کی فطرت ہے کہ خوشی کے ماحول میں پھلتا پھولتا ہے اور اور اس کی غیر موجودگی میں مرجھا جاتا ہے۔ زندگی میں کامیابی کا احساس اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہم آزادی سے اپنا اظہار کر سکیں، انسانیت کے ناطے ایک دوسرے کی بلا روک ٹوک مدد کر سکیں۔ خوشی کو الفاظ میں شاید بیان کرنا نا ممکن ہو لیکن دوسروں کو زندگی سے لطف اندوز ہوتے دیکھ کر ہمارے اندر بھی یہی جذبہ پھلنے پھولنے لگتا ہے۔

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ محبت اور خوشی لینے سے نہیں دینے سے حاصل ہوتی ہے۔ کچھ لوگ بہت حساس ہوتے ہے زندگی گزارنے کے لئے ڈھیٹ ہونا پڑتا ہے۔ پریشانیاں، مشکلات اور رکاوٹیں ہر شخص کی زندگی میں آتی ہیں ان سے نمٹنے کا طریقہ ہمیں ایک دوسرے سے مختلف بناتا ہے۔ خو شی کا تعلق دولت اور مالی خوش حالی سے جوڑنا بھی غلط ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو ہمیں کسی غریب کے چہرے پر مسکراہٹ نظر نہیں آتی۔

ہم اپنی زندگی میں بہت سی چیزوں کی چاہ رکھتے ہیں، بڑا گھر، مہنگی گاڑی، من چاہا شریک حیات، زیادہ پیسے کمانے والا روزگار ہمارے لئے خوشی تک پہنچنے کے راستے ہیں۔ یہ سب چیزیں حاصل ہو گئیں تو خوش ورنہ نا خوش۔ اگر ایک لمحہ تھم کر یہ سوچیں کہ کیا پھول کی خوبصورتی محسوس کرنے کے لئے ضروری ہے کہ لازمی اسے توڑ کر اپنے گھر لا کر اپنے کھانے کی میز کے بیچوں بیچ گلدان میں لگایا جائے گا تو ہی ہمیں اصل خوشی حاصل ہو گی۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ پھول اپنے ماحول میں دوسرے پھولوں کے ساتھ لہلہاتا رہے اور ہم اسے دیکھ کر خوش ہو لیں۔ کیا ہماری خوشی کی تکمیل ملکیت کا ٹھپہ لگا کر ہی ممکن ہے۔ کیا اپنی ملکیت میں لائے بغیر خوشی کا حصول ممکن ہے؟

کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے ہمارا کوئی رشتہ کوئی واسطہ نہیں ہوتا پھر بھی انھیں دیکھ کے خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ اگر زندگی میں خوشی چاہیے تو ایسے لوگوں کی تلاش کریں۔ زندگی کا کاروبار تو چلتا رہے گا۔ ہم مشینیں نہیں انسان ہیں۔ مشینیں نہیں مسکراتیں، انسان مسکراتے ہیں۔

زندگی میں اچھی چیزوں کے بارے میں بات کرنے سے اور شکر گزار ہونے سے خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ قابل ا عتماد دوستوں سے بات کرنا، اپنی زندگی کی نا ہموار یوں کا ذکر کر کے ہنسنا روزمرہ مشکلات کا سامنا کرنے میں سود مند ثابت ہوتا ہے۔ ایک کمیونٹی سے تعلق کا احساس ہماری صحت، موٹیویشن اور خوشی پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

مختلف لوگوں سے ان کی خوشی کی تعریف پوچھی گئی تو انہوں نے بڑے دلچسپ جواب دیے جو کچھ یوں ہیں۔
اپنی فکروں کو رفع کر دینا خوشی ہے۔
بچپن کے دوستوں کے ساتھ گھومنا پھرنا خوشی ہے۔
ونیلا آئس کریم پر میپل سیرپ ڈال کر کھانا خوشی ہے۔
چاہنا اور چاہے جانا خوشی ہے۔
امتحانات کا ختم ہونا خوشی ہے۔

اپنی خوشی کا اختیار خود حاصل کر لینا خوشی ہے۔
دوستوں سے بے سروپا باتیں کرنا خوشی ہے۔
اپنے بچے کو گلے لگانا خوشی ہے۔
اپنی مرضی کا کام کرنا خوشی ہے۔

ذہنی سکون خوشی ہے۔
اچھی بات چیت کرنا خو شی ہے۔
سر درد کا اچانک غائب ہو جانا خوشی ہے۔
اور یہ فہرست نہ ختم ہونے والی ہے۔ ہر شخص کی خوشی دوسرے سے مختلف ہے۔ خوشی کی تعریف کرنا جتنا مشکل ہے اسے تلاش کرنا اتنا مشکل نہیں اگر آپ جان پائیں کہ تلاش کہاں کرنا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).