زمبابوے کی دوسرے ہی اوور میں پہلی وکٹ گر گئی


کرکٹ

پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ بلاوائیو میں کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستان یہ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا جبکہ زمبابوے سیریز میں واپس آنے کے لیے میدان میں اترا ہے۔

بلاوائیو میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل تک زمبابوے نے دو اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر پانچ رنز بنا لیے تھے۔

عثمان شنواری نے ایک مرتبہ پھر ابتدائی اوور میں ہی پاکستان کو کامیابی دلا دی، جب زمبابوے کے اوپنر مسوورے ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

’عثمان شنواری ہیٹ ٹرک کر جاتے لیکن ۔۔۔‘

’ایسے کیسے ورلڈکپ کی تیاری ہو گی؟`

زمبابوے میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی اس سیریز کے ابتدائی دونوں میچ پاکستان نے باآسانی جیت لیے تھے۔

پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 201 جبکہ دوسرے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ زمبابوے کی جانب سے تاحال کوئی خاطرخواہ مزاحمت نہیں دکھائی دی۔

سیریز جیتنے کے بعد تبدیلی کا سوچیں گے

بلاوایو میں کھیلے جانے والے اس تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد عامر اور حسن علی کی جگہ یاسر شاہ اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد ہی ٹیم میں تبدیلی پر غور کیا جائے گا۔

سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ’جی ہاں ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں منصوبہ بندی کی گئی ہے لیکن پہلے سیریز اپنے نام کر لیں۔‘

’ہمارا ٹارگٹ سیریز جیتنا ہے، جیسے ہی ہم ایسا کر لیں تو اس کے بعد ہماری تمام تر توجہ بینچ پر بیٹھے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے پر ہوگی۔‘

کرکٹ

دوسری جانب پاکستانی تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اپنے ایک روزہ کرکٹ میں 7000 رنز مکمل کرنے سے صرف تین رن کی دوری پر ہیں۔ ان سے قبل صرف سات دیگر پاکستانی بلے باز یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

پانچ میں سے ایک ہی میچ جیتا

اگر دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو تاحال زمبابوے کی کارکردگی کچھ ایسی ہی رہی ہے۔

زمبابوے اپنے گذشتہ پانچ میچوں میں سے صرف ایک ہی میچ جیت سکا ہے جبکہ چار ایک روزہ میچوں میں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسرے جانب پاکستان نے اپنے گذشتہ پانچ ون ڈے میچوں میں سے تین ہارے اور دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp