جیل اور جیل کی مسجد میں نواز شریف کے خلاف قیدیوں کے نعرے اور اشتعال انگیز رویہ


اڈیالہ جیل حکام  نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نقل و حرکت کو مزید محدود کردیا۔ اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے مذکورہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب نواز شریف اپنی بیرک کے بیرونی احاطے میں صبح کے وقت چہل قدمی کررہے تھے تب قیدیوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے۔ بعض اطلاعات کے مطابق نواز شریف سے مسجد میں بھی بدتمیزی کی گئی اور ان کو جیل کی مسجد میں نماز پڑھنے سے روک دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث نواز شریف اور مریم کو سہالا پولیس کالج کی حدود میں واقع سہالا ریسٹ ہاؤس میں منتقل کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔ نواز شریف کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے مگر جیل میں خطرناک دہشت گردوں کی موجودگی کے باعث ان کی سلامتی کے بارے میں سنجیدہ خدشات موجود ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کیپٹل انتظامیہ نے 13 جولائی کو نواز شریف کے لندن سے پاکستان پہنچنے پر سہالا ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دے دیا تھا لیکن بعد میں انہیں اڈیالہ جیل لے جایا گیا۔ پولیس کالج سہالا کی انتظامیہ کے مطابق ریسٹ ہاؤس کی صفائی ستھرائی کر کے اسے مناسب سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).