تحریک انصاف کے ہونے والے وزیر اعلی دوبارہ گنتی میں اپنی سیٹ ہی ہار گئے


خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 70 پشاور 5 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کو حاصل ہونے والے غیر حتمی نتیجے کے مطابق صوبے میں وزارتِ اعلی کے اہم امیدوار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ فرمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے خوش دل خان کو 187 ووٹوں سے فتح حاصل ہوئی جس کے ساتھ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اے این پی کی نشستوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

واضح رہے کہ شاہ فرمان نے تحریک انصاف کے ہی ٹکٹ پر پی کے 71 پشاور 6 سے بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا جہاں وہ کامیاب قرار پائے تھے۔

اے این پی کے خوش دل خان عام کو اس نشست پر پی ٹی آئی سے ابتدائی نتائج میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم انہوں نے ریٹرنگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔

ریٹرنگ افسر نے اے این پی رہنما کی درخواست منظور کی جس کے بعد حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے اورشاہ فرمان بھی خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے امیدواروں میں شامل تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).