کراچی ایئرپورٹ پر نبیل گبول کا لیاری کے بلوچ شہری پر تشدد، مغلظات بکیں


لیاری کے بلوچ شہری سے تلخ کلامی پر نبیل گبول آپے سے باہر ہوگئے فوٹو:فائل

لیاری کے بلوچ شہری سے تلخ کلامی پر نبیل گبول آپے سے باہر ہوگئے

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے تلخ کلامی کے دوران شہری کو دھکا دے کر نیچے گرادیا اور انتہائی غیرمناسب زبان استعمال کی۔

کراچی ائرپورٹ پر نبیل گبول اور لیاری کے بلوچ شہری کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی جس پر نبیل گبول آپے سے باہر ہوگئے۔ پی پی پی رہنما نے نہ صرف شہری کو دھکا کے کر نیچے گرادیا بلکہ اسے گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جبکہ بدتہذیبی اور بداخلاقی کا مظاہرہ کرنے پر نبیل گبول کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایئر پورٹ عملہ اور سیکیورٹی اہلکار قریب کھڑے جھگڑا دیکھتے رہے اور کسی نے مداخلت کرنے کی زحمت نہ کی۔ شہری نے سیکیورٹی اہلکاروں کو مدد کے لیے پکارا تاہم اس کے باوجود کسی نے آگے بڑھ کر مدد نہ کی اور نبیل گبول کو نہ روکا۔

عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو کراچی میں اپنے گڑھ لیاری میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حلقہ این اے 246 میں پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی ٹی آئی کے امیدوار شکور شاد نے شکست دی۔ لیاری میں پی پی پی کو نہ صرف قومی اسمبلی بلکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں علاقے میں پی پی پی کی نمائندگی عملا ختم ہوگئی۔ الیکشن سے قبل بھی جب بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لیاری میں ریلی نکالی گئی تو بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور ان کی ریلی پر پتھراؤ کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).