شوبز میں آنے سے پہلے علی ظفر، مائرہ خان، میڈونا، امیتابھ، رجنی کانت اور دوسرے اداکار کیا نوکریاں کرتے تھے؟


بہت ہی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو پیدائشی ستارے (Born Stars) ہوتے ہیں، مثلاً ان کے والدین یا رشتہ داروں میں سے کوئی شوبز میں کام کررہا ہوتا ہے تو ان کے لیے انڈسٹری میں انٹری دینا قدرے آسان ہوتا ہے۔ تاہم بہت سے سپر اسٹارز ایسے بھی ہیں جنھوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے کافی تگ و دو کی اور شوبز میں آنے سے قبل کوئی نہ کوئی کام کیا کرتے تھے تا کہ ان کی معاشی صورتحال بہتر رہے۔ آپ کو حیرت ہوگی کہ کروڑوں روپے کمانے والے اسٹارز شوبز میں آنےسے پہلےمعمولی نوکریاں بھی کر چکے ہیں۔

لولی ووڈ کےستارے

شوبز میں آنے سے پہلے اسٹارز کا روزگار

پاکستان کے بھی کافی ستارے شوبز میں آنے سے قبل جدو جہد سے کرتے رہے۔ اداکاری و ماڈلنگ میں نام کمانے والے بلال اشرف نیویارک میں انویسٹمنٹ مینجمنٹ کمپنی میں ہیج فنڈ کنسلٹنٹ کے طورپر کام کرتے تھے۔

کانز میں پاکستان کی شان بڑھانے والی ماہرہ خان امریکا میں اپنی ڈگری کی تگ و دو میں ایک ڈرگ اسٹو ر پر کام کرتی تھیں۔ دنیائے موسیقی میں دھوم مچانے والی مومنہ مستحسن انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ تھیں۔ علی ظفر اپنے کامیاب کیریئر سے قبل ایک پینٹر تھےاور ایک ہوٹل لابی میں اسکیچز بنایا کرتے تھے۔

بالی ووڈ کے ستارے

شوبز میں آنے سے پہلے اسٹارز کا روزگار

بھارتی ستاروں کی بات کی جائے تو زبردست اداکاری، بھاری اور جاندار آواز اور شاندار لُک کے مالک ’بگ بی‘ اداکار بننے سے پہلے ریڈیو جوکی بننا چاہتے تھے، جس کے لیے انہوں نے آل انڈیا ریڈیو پر آڈیشن بھی دیا، جہاں ان کو رد کردیا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ امیتابھ کی بھاری آواز کو ریڈیو جوکی کے لیے موزوں قرار نہیں دیا گیا، ریڈیو سے مایوس ہوکر بگ بی نے اداکاری کا رُخ کیا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہ دیکھا اور بولی وڈ کے شہنشاہ بن گئے۔

فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار بینکاک کے ایک ریسٹورنٹ میں بطور شیف اور ویٹر کام کرتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تھائی لینڈ سے مارشل آرٹ کی ٹریننگ حاصل کی، وہ تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ بھی جیت چکے ہیں۔ جب وہ ہندوستان واپس آئے تو بطور مارشل آرٹ ٹرینر کام کرنے لگے، جہاں ان کے ایک اسٹوڈنٹ نے انہیں ماڈلنگ کا مشورہ دیا، ماڈلنگ میں قدم رکھنے کی بس دیر ہی تھی کہ پھر اکشے کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے چلے گئے۔

بولی ووڈہی نہیں، ہولی ووڈ پربھی راج کرنے والی دیپیکا پڈوکون فلموں میں آنے سے پہلے قومی سطح پر بیڈمنٹن کھیلتی تھیں اور اپنے والد پرکاش پڈوکون کی طرح عالمی سطح پر کھیلنے کی خواہش بھی رکھتی تھیں لیکن اچانک ان کے کیریئر میں ایک نیا موڑ آیا اور وہ ماڈلنگ میں چلی گئیں، جہاں سے ان کو فلم کی آفر آئی۔

فلم ‘’عشق زادے‘سے بولی ووڈ میں آنے والی چلبلی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے مانچسٹر اسکول آف بزنس سے3ڈگریاں حاصل کی ہیں اور وہ ایک انویسٹمنٹ بینکر کے طور پر کام کرتی رہیں، پھر ہندوستان آکر انھوں نے یش راج پروڈکشن ہاؤس میں مارکیٹنگ کے شعبے میں کام کرنا شروع کیا، پھر انھیں اسی بینر کی ایک فلم کی آفر کی گئی، جس کے بعد وہ اسٹار بن گئیں۔ یوسف خان، دلیپ کمار بننے سے پہلے اپنے والد کے ساتھ پاکستان کے شہرپشاور میں پھلوں کی ترسیل کا کام کیا کرتے تھے۔ تاہم اداکاری کی لگن بھی دل میں تھی اسی لیے تقسیم ہند کے بعد یوسف خان نے ممبئی کا رخ کیا اور دلیپ کمار بن کر کروڑوں دلوں پر حکم رانی کی۔

سائوتھ انڈیا کے سپر اسٹار رجنی کانت کا معاوضہ آج بھی دیگر تمام اداکاروں سے زیادہ ہے، لیکن فلم انڈسٹری کے یہ آئیکون فلموں میں آنے سے پہلے ہر قسم کی چھوٹی بڑی ملازمت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کافی عرصے تک نہ صرف قلی کا کام کیا بلکہ بی ٹی ایس بسوں میں کنڈیکٹر بھی رہے۔

سائنس میں گریجویٹ کرنے کے بعد نوازالدین صدیقی نے کچھ عرصے تک ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں بطور کیمسٹ کام کیا۔ اس کے کچھ عرصے کے بعد دہلی منتقل ہونے پر ایک آفس میں واچ مین کی ملازمت شروع کردی، ساتھ ہی وہ ایکٹنگ سے متعلق مختلف کورسز بھی کرتا رہا۔

ہالی ووڈ کے ستارے

شوبز میں آنے سے پہلے اسٹارز کا روزگار

  • پوپ کوئن بننے سے قبل میڈونا گزر اوقات کے لیے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں معروف فوڈ آؤٹ لیٹ پر پیسٹریاں فروخت کرتی تھیں۔
  • لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے بریڈ پٹ کو چکن سوٹ پہن کر ایل پولو لوکو میں ڈانس کرنا پڑتا تھا۔ اسے یونیورسٹی آف میسوری کے جرنلزم ڈپارٹمنٹ سے نکال دیا گیا تھا ، جس کے پیسے بھرنے کے لیےاسے ایک ناپسندیدہ کا م بھی کرنا پڑا ۔
  • ’نوٹ بک ‘ اور ’ ڈاکٹر اسٹرینج ‘ کی اداکارہ راچیل میک ایڈمز نےٹین ایج کے تین سال ایک معروف فرنچائزریسٹورنٹ میں آرڈرلینے میں گزارے اور اس ملازمت میں اس نے ایک اورنج جوس مشین بھی توڑ ڈالی تھی۔
  • بیونسے کی ماں ٹینا کا ایک سیلون تھا، جہاں بیونسے کسٹمرز کے کٹے ہوئے بالوں کی صفائی کرتی تھی اور جب یہ کام نہیں ہوتا تھا تو وہ گلوکاری کرتی تھی ۔
  • میگن فوکس ایک اسموتھی شاپ پر کیلے یعنی بنانا سوٹ پہن کر لوگوں کو اسموتھی پیش کیا کرتی تھی۔
  • جولیا رابرٹس ایک آئسکریم شاپ پر لوگوںکو آئسکریم اسکوپ بھر کر دیتی تھی۔
  • ایکس مین کے ہیو جیک مین ایک ہائی اسکول میں فزیکل ایکسرسائز (PE)کے ٹیچر تھے۔
  • نکول کڈ مین17سا ل کی عمرمیں اپنی فیملی کی سپورٹ کے لیے مساج تھراپسٹ کے طوپر کا کام کرتی تھی۔
  • جانی ڈیپ کو جب نکولس کیج نے فلم میں کام دیاتوا س سے قبل وہ بال پوائنٹ پین فروخت کرتا تھا۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).