کوہلی اب سچن سے بھی آگے، آئی سی سی کی ٹیسٹ، اور ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر


وراٹ کوہلی

انڈیا کے معروف کرکٹر سچن تنڈولکر کے بعد وراٹ کوہلی پہلے انڈین بیٹسمین ہیں جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ آئی سی سی ریکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے لیکن وہ کئی معنوں میں سچن سے آگے نکل گئے ہیں۔

وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیٹسمین کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

وہ 934 پوائٹس کے ساتھ انڈیا کے سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں اسی طرح وہ ون ڈے میں 911 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

یاد رہے کہ 2014 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 897 پوائنٹس کے ساتھ وہ سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے انڈین کرکٹر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

وراٹ کوہلی کے نئے ریکارڈز کا سلسلہ جاری

’صرف ایک کوہلی کافی نہیں ہے‘

انھوں نے انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں سنچری اور دوسری اننگز میں نصف سنچری سکور کر کے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انھوں نے اس میچ میں مجموعی طور پر 200 رنز سکور کیے۔

کوہلی نے ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی 22 ویں سنچری سکور کی اور اسے انھوں نے اپنی اہلیہ اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کے نام کیا۔

انھوں نے گلے میں ایک دھاگے میں پرو کر اپنی شادی کی انگوٹھی پہن رکھی تھی اور سنچری کرتے ہی اسے نکال کر انھوں نے اپنی سنچری پر خوشی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ہندوستان کے بلے باز سچن تنڈولکر جون سنہ 2011 میں ٹیسٹ بیٹسمین کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آئے تھے۔ اس کے بعد سے کوہلی پہلے انڈین بیٹسمین ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

وراٹ کوہلی نے سچن کا ریکارڈ برابر کر دیا

بطور کپتان وراٹ کوہلی کے ریکارڈز کا انبار

خیال رہے کہ وہ فی الوقت ون ڈے بیٹسمین کی بھی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں اور بیک وقت دونوں فارمیٹ میں نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کرنے والے وہ پہلے انڈین کھلاڑی ہیں۔

ان سے قبل ٹیسٹ بیٹسمین کی رینکنگ میں سنیل گاوسکر، دلیپ وینگسرکر، سچن تنڈولکر، راہل ڈراوڑ، وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر بھی پہلی پوزیشن پر رہ چکے ہیں۔

سری لنکا کے سابق کپتان اور مایہ ناز کرکٹر کمارا سنگاکارا نے انڈین اخبار دی ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘جس طرح کوہلی ان دنوں کھیل رہے ہیں اگر وہ اسی رفتار سے رنز بناتے رہے تو وہ انڈیا کے آل ٹائم بہترین بیٹسمین بن جائیں گے۔’

کرکٹ کا اعدادوشمار رکھنے والے سمپتھ بندرپلّی نے ٹویٹ کیا ہے کہ وراٹ 934 پوائنٹس کے ساتھ سب زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے انڈین بن گئے ہیں ان سے قبل سب سے زیادہ پوائنسٹ 916 سنیل گاوسکر نے سنہ 1979 میں حاصل کیے تھے۔ ان کے مطابق سچن تنڈولکر نے سنہ 2002 میں سب سے زیادہ 898 پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ راہل ڈراوڑ نے سنہ 2005 میں 892 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ کوہلی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں بھی انڈیا کی جانب سے سب زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے بیٹسمین ہیں اور یہ افتخار دنیا میں کسی دوسرے کھلاڑی کو حاصل نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp