گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں سکولوں کو جلانے کے بعد جج کی گاڑی پر حملہ


گلگت بلتستان کے علاقے دیامیر تانگیر میں حکام کے مطابق حملہ آوروں نے سیشن جج ملک عنایت الرحمٰن کی گاڑی پر حملہ کیا تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

اس واقعے میں سیشن جج کی گاڑی پر چار گولیاں لگیں۔

گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بی بی سی کو بتایا کہ جج عنایت الرحمٰن گذشتہ روز دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار عارف حسین کے رشتے دار تھے اور ان کے جنازے میں شرکت کرنے جا رہے تھے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد کے قریب تانگیر کے مقام پر ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

دیامر میں متعدد سکولوں پر شدت پسندوں کے حملے

ترجمان کے مطابق پولیس نے گذشتہ رات گلگت بلتستان کے علاقے تانگیر میں کئی جگہوں پر مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔ ان میں سے ایک چھاپے کے دوران ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور کے ساتھ ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔

ان چھاپوں میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گرینیڈ اور ایک خودکش جیکٹ بھی قبضے میں لے لی گئی۔

ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کا نام شفیق عرف کمانڈر بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق وہ پچھلے ہفتے دیامیر میں متعدد سکولوں پر حملوں کا مرکزی ملزم تھا۔

اب تک ملزمان کی کسی عسکری تنظیم سے وابستگی کی اطلاعات نہیں مل سکیں اور اس سلسلے میں پولیس کی تفتیش جاری ہے۔

چلاس

مقامی صحافیوں کے مطابق اتوار کو صبح کے وقت شدت پسندوں نے داریل اور تانگیر کی وادیوں کی ناکہ بندی کر دی تھی اور وہاں کسی گاڑی کو جانے نہیں دیا جا رہا تھا۔ اسی دوران جج کی گاڑی کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے وہاں پہنچ کر سڑکیں کھول دی ہیں۔

گذشتہ ہفتے دیامیر میں ایک درجن کے قریب سکولوں پر حملے کر کے انھیں تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان شمس میر کے مطابق ‘ان میں سے تقریباً چار سکول لڑکیوں کے تھے جبکہ سات کے قریب سکولوں میں بچے سکول جاتے تھے جبکہ باقی سکول زیر تعمیر تھے اور مکمل ہونے والے تھے۔’

پاکستان کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے گذشتہ روز تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملے دیامیر اور بھاشا ڈیم کی تعمیر کی مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp