اداکارہ زارا نور کی اپنے شوہر کے ساتھ بے تکلف انسٹاگرام تصویر پر ہنگامہ


لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری کی بھانجی اور اداکارہ اسما عباس کی صاحبزادی اداکارہ زارا نور عباس گزشتہ برس دسمبر میں اداکار عدنان صدیقی کے بھتیجے اداکار اسد صدیقی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ اس جوڑے کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے خوبصورت ترین جوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے جس کی بڑی وجہ ظاہری حسن کے ساتھ دونوں کی آپس میں زبردست انڈر سٹینڈنگ بھی ہے۔

زارا اور اسد کا آپس میں ایسا رشتہ ہے جس کے بارے میں انگریزی میں کپل گولز (Couple Goals) کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ دونوں سوشل میڈیا پر ایکٹو ہیں اور دیگر اداکاروں کی طرح مداحوں کو اپنی پروفیشنل زندگی کے ساتھ ساتھ نجی زندگی سے بھی آگاہ رکھتے ہیں لیکن معاشرتی روایات کے برعکس شیئر کی گئی ایک تصویر پر انہیں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ زارا نور عباس نے اپنے انسٹا گرام پر اپنے شوہر کے ساتھ لی گئی تصویر شیئر کی جس میں وہ مسکرا رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر ان کی گردن پر بوسہ دے رہے ہیں، اس تصویر کا پوسٹ ہونا تھا کہ تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔

ایک صارف تحریم ہاجرہ مرزا نے جوڑے کو نصیحت کی کہ وہ یہ حرکتیں اپنے بیڈروم تک محدود رکھے۔ اس کے ردعمل میں حریم فاروقی نے کہا کہ ساری بحث کا سب سے مزاحیہ پہلو یہ ہے کہ وہ لوگ جو فحش فلموں کے رسیا ہیں وہ سب اس پر تنقید کر رہے ہیں حالانکہ اس تصویر میں ایسی کوئی برائی نہیں ہے۔

زارا اور اسد کی تصویر پر چھڑی بحث میں اداکار یاسر حسین نے بھی اپنا حصہ ملایا اور اسد صدیقی کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ ہمارا کلچر نہیں ہے۔

اس پر زارا نور  نے اداکار یاسر حسین کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ آپ تو ثقافت کی بات ہی نہ کریں کیونکہ میں نے آپ کی بنکاک میں کی جانے والی حرکتیں سنیپ چیٹ پر دیکھی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).