برطانیہ: کوکین کے استعمال سے ہونے والی اموات میں اضافہ


منشیات

2017 میں انگلینڈ اور ویلز میں 3756 لوگ غیرقانونی منشیات کے استعمال سے موت کے منہ میں پہنچے

برطانیہ کے اعداد و شمار کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک میں منشیات کے استعمال سے ہونے والی اموات میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خاص طور پر کوکین، فینٹانل اور میفیڈرون نامی منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے، جو چین سے غیرقانونی طور پر ڈارک ویب کے ذریعے درآمد کی جاتی ہیں۔

منشیات کے استعمال کے خلاف کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہییں۔

گذشتہ برس کوکین سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہوا، جب کہ ہیروئن اور مارفین کے استعمال کنندگان کی اموات میں کمی دیکھنے میں آئی۔

کل ملا کر 2017 میں انگلینڈ اور ویلز میں 3756 لوگ غیرقانونی منشیات کے استعمال سے موت کے منہ میں پہنچے۔

ادارے کے مطابق ان میں سے دو تہائی اموات منشیات کے غلط استعمال کے باعث ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں!

چرسی چوہے 540 کلو گرام منشیات ہڑپ کر گئے

آسٹریلیا کی تاریخ میں منشیات برآمدگی کا سب سے بڑا واقعہ

چین میں کوکین سے بنے سوٹ کیس پکڑے گئے

برطانیہ میں منشیات کے ہاتھوں مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ میں 66 ہو گئی ہے جو یورپی یونین سے تین گنا زیادہ ہے۔

سب سے زیادہ خطرناک نشہ آور دوا فینٹانل ہے، جب کہ دوسرے نمبر پر کوکین ہے، جس کے باعث 2017 میں 432 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اس سال کے اوائل میں سکیورٹی منسٹر بین والس نے کہا تھا کہ برطانیہ ‘تیزی سے یورپ میں کوکین کا سب سے بڑا صارف بنتا جا رہا ہے۔’

تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق انگلینڈ کا شمالی مشرقی حصہ زیادہ متاثر ہوا ہے، اور وہاں منشیات کے ہاتھوں مرنے والوں کی شرح 83 فی دس لاکھ ہے، جب کہ لندن میں یہ شرح سب سے کم ہے۔

ٹرانسفارم ڈرگ پالیسی فاؤنڈیشن نامی ادارے کے مارکن پاول نے کہا کہ ’حکومت کے پاس چھپنے کی کوئی جگہ نہیں بچی۔ وہی متاثرہ لوگوں کے مرنے کے ذمہ دار ہیں۔‘

انھوں نے سیاست دانوں پر الزام لگایا کہ وہ ایسی قانون سازی کی راہ مسدود کر دیتے ہیں، یا اس کے لیے رقوم فراہم نہیں کرتے، جو دوسروں ملکوں میں زندگیاں بچانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp