تین حلقوں سے عمران کی کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن، دو کا روک لیا گیا


عمران

عمران خان نے این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی سے کامیابی حاصل کی تھی

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات جیتنے والے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی کامیابی کے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیے ہیں۔

ان انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ان انتخابات میں قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم ان میں سے تین حلقوں سے ان کی کامیابی کا مشروط اعلان کیا گیا ہے جبکہ دو حلقوں سے ان کی کامیابی کا اعلان عدالتی احکامات کی وجہ سے نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 35 بنوں، این اے 95 میانوالی اور این اے 243 کراچی سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے کے فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 131 اور اسلام آباد کے حلقے این اے 53 سے بھی کامیابی حاصل کی تھی تاہم ان دونوں حلقوں سے ان کی کامیابی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

این اے 131 میں ان کے مخالف امیدوار خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہوا ہے۔

عمران خان نے این اے 53 اسلام آباد میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو شکست دی تھی اور اس حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے حتمی فیصلہ آنے تک کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا ہے۔

نام حلقہ کامیاب امیدوار وجہ
1 این اے 25 نوشہرہ پرویز خٹک، پاکستان تحریک انصاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط
2 این اے 35 بنوں عمران خان، پاکستان تحریک انصاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط
3 این اے 53 اسلام آباد عمران خان، پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن نے نتائج روک لیے ہیں
4 این اے 90، سرگودھا چوہدری حامد حمید، پاکستان مسلم لیگ ن لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
5 این اے 91، سرگودھا ذوالفقار علی بھٹی، پاکستان مسلم لیگ ن لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
6 این اے 95، میانوانی عمران خان، پاکستان تحریک انصاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط
7 این اے 108، فیصل آباد فرخ حبیب، پاکستان تحریک انصاف لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
8 این اے 112، ٹوبہ ٹیک سنگھ جنید انور چوہدری، پاکستان مسلم لیگ ن لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
9 این اے 129، لاہور ایاز صادق، پاکستان مسلم لیگ ن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط
10 این اے 131، لاہور عمران خان، پاکستان تحریک انصاف لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
11 این اے 140، قصور طالب حسن نکئی، پاکستان تحریک انصاف لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
12 این اے 215، سانگھڑ نوید ڈیرو، پاکستان پیپلز پارٹی سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر نوٹیفکیشن روکا گیا
13 این سے 243، کراچی عمران خان، پاکستان تحریک انصاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مقدمے سے مشروط
14 این اے 271، کیچ زبیدہ جلال، بلوچستان عوامی پارٹی انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع نہ کروانے پر روکا گیا

خیال رہے کہ پیر کو اسلام‌ آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے جن پانچ حلقوں کے مشروط نتائج جاری کیے گئے ہیں ان میں سے عمران خان کے تین حلقوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما پرویز خٹک اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے حلقے بھی شامل ہیں۔

آٹھ حلقے ایسے ہیں جن کے نتائج عدالتی کارروائی کی وجہ سے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ ان میں عمران خان کے حلقوں این اے 53 اور این اے 131 کے علاوہ سرگودھا کے حلقے این اے 90 اور 91، فیصل آباد کا حلقہ این اے 108، ٹوبہ ٹیک سنگھ کا حلقہ 112، قصور کا حلقہ این اے 140اور سانگھڑ کا حلقہ این اے 215 شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کیچ کے حلقے این اے 271 سے زبیدہ جلال کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع نہ کروانے پر روک لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے درخواست کی کہ وہ انتخابی نتائج کے اعلان میں کی جانے والی تاخیر کا نوٹس لیں کیونکہ اس کی وجہ سے آئینی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا تھا کہ 20 سے زائد نشستوں پر قانونی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر نتائج روکے جانا نامناسب ہے اور اتنی بڑی تعداد میں نتائج روکے جانے سے حکومت بنانے کے عمل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp