سپریم کورٹ میں عمران کے حق میں فیصلہ، سعد رفیق کی دوبارہ گنتی نہیں ہو گی


اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے131 لاہور میں دوبارہ گنتی رکوانے کے لئےعمران خان کی درخواست منظور کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کا دوبارہ گنتی کرانے کا فیصلہ معطل کر دیا گیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این اے 131 لاہور میں دوبارہ گنتی روکنے کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ حلقے کی نمائندگی کیسے روک سکتے ہیں، مرتب ہونے والا نتیجہ حتمی ہے، ایسی درخواستیں سننا الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں کیسے مداخلت کر سکتے ہیں، گزشتہ روز بھی ہائیکورٹ کا اسی قسم کا ایک فیصلہ معطل کیا ہے۔

سعد رفیق کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اپنی پہلی تقریر میں عمران خان نے حلقے کھولنے کا کہا تھا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ سیاسی بیانات ہوتے ہیں، سیاسی تقریروں کا جائزہ نہیں لے سکتے۔ عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔ عدالت عظمیٰ نے این اے 82 مظفر گڑھ میں دوبارہ گنتی کی جمشید دستی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے این اے 131 میں عمران خان کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر کو دی تھی، ریٹرننگ آفیسر نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کی کامیابی کو برقرار رکھا۔

عمران خان کو خواجہ سعد رفیق پر 680 ووٹوں کی برتری حاصل تھی لیکن مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد یہ برتری کم ہو کر 608 رہ گئی۔ جس پر خواجہ سعد رفیق نے مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی جسے آر او نے مسترد کر دیا تھا۔
بشکریہ دنیا نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).