عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل


زلفی بخاری

پاکستان کی وزارت داخلہ نے ملک کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

وزارت داخلہ نے یہ اقدام قومی احتساب بیورو کی درخواست پر اٹھایا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ زلفی بخاری کا آف شور کمپنیوں کے بارے میں مقدمہ چل رہا ہے اور انھیں اس بارے میں متعدد بار پیش ہونے کے نوٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنرول لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری نگراں وزیر داخلہ کی سربراہی میں بننے والی ایک سب کمیٹی نے دی ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس سے پہلے عمران خان اور زلفی بخاری کا سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے لیے نور خان ایئربیس سے مبینہ طور پر متعقلہ حکام سے اجازت لیے بغیر جہاز کے ٹیک آف کرنے اور لینڈ کرنے کا معاملہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم

آ گیا جو کسی پے پیار کیا کیجیے

زلفی بخاری کون اور عمران کے لیے اہم کیوں؟

وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔ فواد حسن فواد آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی گئی بے قاعدگیوں کے مقدمے میں نیب کی تحویل میں ہیں۔

نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے زیر استمعال پاکستانی پاسپورٹ بلاک کردیے گئے ہیں جس کے بعد اب وہ پاکستانی پاسپورٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

اہلکار کے مطابق ان دونوں بھائیوں کے نام بلیک لسٹ میں بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ انھیں وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملزموں کی پاکستان میں موجود جائیداد کی ضبطگی کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp