اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج: عدلیہ مخالف نعرے بازی پر دہشت گردی کا مقدمہ


احتجاج

اس احتجاجی مظاہرے میں ملک کے دو سابق وزرائے اعظم جن میں سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھی شامل تھے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کے دوران عدلیہ مخالف نعرے لگانے پر متعدد افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بدھ کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

مظاہرے کے دوران ان جماعتوں کے کارکنوں نے نہ صرف چیف جسٹس کا نام لے کر اُن کے خلاف نعرے لگائے بلکہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی تھی۔

اس احتجاجی مظاہرے میں ملک کے دو سابق وزرائے اعظم جن میں سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف شامل سمیت جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور متعدد سابق وفاقی وزرا نے شرکت کی تھی۔

احتجاج

مقامی پولیس کے مطابق پولیس حکام ابھی اس مقدمے پر کارروائی کرنے اور لوگوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ نہیں کیا

تھانہ سیکرٹریٹ کے انچارج اور اس مقدمے کے تفتیشی افسر محمد محبوب نے بی بی سی کو بتایا کہ اس مقدمے میں صرف دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور دونوں کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔

ان ملزمان میں پیپلز پارٹی کی خاتون کارکن شہزادہ کوثر گیلانی کے علاوہ راجہ امتیاز علی شامل ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق اس مقدمے میں دیگر نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے اور ویڈیو فلم کے ذریعے دیگر ملزمان کی نشاندہی کرکے اُنھیں گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس انسپکٹر محبوب کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ سات کے علاوہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 228 کے تحت درج کیا گیا ہے جو کہ عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر اور نعرے بازی کرنے سے متعلق ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق پولیس حکام ابھی اس مقدمے پر کارروائی کرنے اور لوگوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تاہم اس کا فیصلہ آنے والی حکومت کو چھوڑا جائے گا کہ آیا وہ مقامی پولیس کو عدلیہ مخالف اور دیگر اداروں کے خلاف نعرے بازی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیتی ہے یا نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp