نئے میدان جنگ کے لیے سپیس فورس کے قیام کا وقت آ گیا ہے: امریکہ


پنس

امریکی نائب صدر مائیک پنس نے امریکی سپیس فورس کے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ’نئے میدان جنگ‘ کے لیے تیاریاں کی جائیں۔

سپیس فورس کے قیام کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون میں دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ وزارت دفاع کے لیے ضروری ہے کہ وہ خلا میں کمزوریوں کا سامنا کرے اور امریکی غلبے کو یقینی بنائے۔

ہماری انفارمیشن فوج موثر پروپیگنڈہ میں ملوث ہے‘

ٹرمپ کا امریکی فوج کو خلائی فورس کی تشکیل کا حکم

تاہم سپیس فورس کا قیام اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ اس کے قیام کے لیے کانگریس کی منظوری کی ضرورت ہے۔ کانگریس میں کئی ممبران نے اس فورس کے قیام پر آنے والے تخمینے اور بیوروکریسی کے حوالے سے تحفظان کا اظہار کیا ہے۔

تاہم مائیک پنس نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ فورس ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے دورِ حکومت کے اختتام سے قبل قیام میں آ جائے یعنی 2020 تک۔


امریکی فوج کی موجودہ شاخیں

  1. یو ایس آرمی
  2. یو ایس میرین کور
  3. یو ایس نیوی
  4. یو ایس ایئر فورس
  5. یو ایس کوسٹ گارڈ

نائب صدر نے وزارت دفاع میں تقریر کرتے ہوئے کہا ’وقت آ گیا ہے کہ اپنی مسلح افواج کی تاریخ میں ایک اور عظیم باب کا اافہ کیا جائے۔ اگلے میدان جنگ کے لیے تیاری کی جائے جہاں امریکہ کے بہترین اور بہادر ترین ہی نئی نسل کے خطرات کو شکست دینے کا موقع ملے گا۔

انھوں نے ٹرمپ کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کانگریس سے استدعا کی اگلے پانچ سال میں امریکی خلائی سکیورٹی نظام میں مزید آٹھ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے۔ ’امریکہ کی سپیس فورس بنانے کا وقت آ گیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت ایسا گلوبل پوزیشننگ نظامئ کمیونیکیشن سیٹیلائٹ تیار کیا جائے گا جو جام نہ کیا جا سکے۔

نائب صدر کی تقریر کے تھوڑی دیر بعد صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا: ’سپیس فورس‘

روس اور چین کا مقابلہ

نائب صدر پنس نے کہا کہ روس اور چین کو روکنے کے لیے سپیس فورس کا قیام ضروری ہے۔ ’یہ دونوں ممالک تیزی سے سیٹیلائٹ کے خلاف صلاحیت حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں۔ چین اور روس مدار میں چدید کارروائیاں کر رہے ہیں جن کی مدد سے وہ اپنے سیٹیلائٹ ہمارے سیٹیلائٹ کے قریب لا سکیں گے جس کے باعث ہمارے خلائی نظام کو وہ خطرہ لاحق ہو گا جو اس سے قبل نہیں ہوا۔‘

وائٹ ہاؤس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو معلوم ہے کہ خلا امریکی طرز زندگی اور معاشی ترقی کا اہم جزو ہے اور قومی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔

صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی آرمڈ فورسز سے بات کرتے ہوئے سپیس فورس کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔ اور سابق وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے سنہ 2000 میں یہ آئیڈیا تھا لیکن اس کا کچھ نہیں بنا۔

ٹرمپ اور ان سے پہلے بھی سپیس فورس کے قیام کی باتیں ہو چکی ہیں اور اس خیال کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سپیس فورس کے قیام سے پینٹاگون کو بہت فائدہ ہو گا۔

تاہم سینیئر ملٹری حکام نے اس خیال کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

2017 میں کانگریس کو ایک بریفنگ میں امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل ڈیوڈ گولڈفن نے کہا تھا کہ سپیس فورس کا قیام ہمیں غلط سمت میں لے جائے گا۔

یاد رہے کہ خلا سے متعلق فوجی کارروائیوں کی نگرانی امریکی فضائیہ کرتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp