چاند کی چوری


زمینی حساب سے پچیس برس گزرگئے تھے۔ زمین کے لوگوں نے چاند کے بغیر رہناسیکھ لیا تھا مگر زمین پر سماجی اور معاشی حالات میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی تھی۔ زمین کی کثیر آبادی مستقل غربت اور محرومیوں کے ساتھ رہ رہی تھی اور اسی نا انصافی کا شکار تھی جو صدیوں سے ان کا مقدر رہا تھا۔ زمین کے مختلف حصوں پر جنگوں نے مزید انسانی جانیں لے لی تھیں۔ چاند کی چوری اورزمین پرتبدیل ہونے والے موسموں کی تباہ کاریوں کے باوجود دنیا کے مختلف ملکوں کے درمیان جنگیں جاری تھیں۔

زمین پر چندر مکھاری مذہب کے ماننے والوں میں سے ایک الگ فرقہ چاند پجاری کے نام سے بھی شروع ہوا تھا جو چاندکی یاد میں روز چاند سے جدائی کا غم منانے کے لیے عبادت کرتے تھے اور سال میں ایک دن چاند سے جدائی والے دن گھرسے باہر رہتے تھے جس کے ایک دن کے بعد امید کا تہوار ہوتا تھا۔ ان کے مذہبی رہنماؤں کا خیال تھا کہ ایک دن چاند امید کے دن کے تہوار کے موقع پر واپس آجائے گا۔

زمین سے اربوں میل کے فاصلے پر نیمز کے رہنے والوں نے چاند کے اغوا کا پچیسواں سال بہت جوش و خروش کے ساتھ منایا تھا۔ گزشتہ چند سالوں میں چاند کی واپسی کے متعلق بہت سارے اجلاس، مذاکرے اور بحث ومباحثے ہوتے رہے تھے۔ کچھ لوگوں کاخیال تھا کہ کام نکلنے کے بعد اب چاند کو شکریے کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچادینا چاہیے۔ زمین کے پرانے باسی ہونے کے حوالے سے چاند سے جو کام لینا تھا وہ لیا جا چکا تھا اوراب چاند کو واپس پہنچا دینا ہی مناسب تھا۔

نیمز کی زیادہ تر آبادی کا خیال تھا کہ چاند کو بالکل بھی اور کبھی بھی واپس نہیں کیا جائے۔ کیونکہ زمین والوں نے چاند سے محرومی کا غم تو منایا ہے اور منا بھی رہے ہیں لیکن زمین کے حالات کو درست کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی ہے۔ چاند کے نہ ہونے سے کئی جگہوں پر کئی انسان مارے گئے اوردوسری مخلوقات بھی ختم ہوگئیں مگرزمین کے لوگوں کواس کی فکر بھی نہیں ہے۔ زمین کے ایسے لوگوں کو چاند واپس نہیں دیا جاسکتا ہے۔ یہ اس قابل ہی نہیں ہیں کہ انہیں چاند واپس دیا جائے۔ نیمز کے سائنس دانوں اور سماجی ماہرین کا خیال تھا کہ جلد ہی زمین اور زمین پر رہنے والے لوگوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہیں چاند کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

جس دن چاند پجاری کے مذہب کے ماننے والوں کے سب سے بڑے دینی رہنما نے اعلان کیا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ چاند واپس آنے والا ہے اسی دن نیمز میں بحث و تکرار کے بعد فیصلہ ہوا تھا کہ اب چاند کبھی بھی واپس نہیں جائے گا۔

ڈاکٹر شیر شاہ سید
Latest posts by ڈاکٹر شیر شاہ سید (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2 3