امریکہ: ایک شخص نے مسافر طیارہ چوری کر کے گرا دیا


A Horizon Air Bombardier Dash 8 Q400, reported to be hijacked, flies over Fircrest, Washington, the U.S., before crashing in the South Puget Sound,

کئی لوگوں نے اس جہاز کی ویڈیوز بنائیں

امریکی شہر سیئیٹل سے ایک ہوائی کمپنی کے ملازم نے ایک خالی جہاز چرا کر اسے ایک قریبی جزیرے میں گرا کر تباہ کر دیا اور خود بھی ہلاک ہو گیا۔

حکام کے مطابق اس شخص نے جمعے کی رات کو بغیراجازت جہاز اڑایا جس کی وجہ سے ہوائی اڈا وقتی طور پر بند کرنا پڑا۔

دو ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اس جہاز کا پیچھا کیا، جو بعد میں ایک جزیرے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

مقامی شیرف کے دفتر نے بتایا کہ ‘یہ دہشت گرد واقعہ نہیں تھا،’ اور یہ 29 سالہ شخص مقامی شہری تھا۔

شیرف پال پیسٹر نے بعد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ‘اکثر دہشت گرد پانی کے اوپر کرتب نہیں دکھایا کرتے۔’

76 مسافروں کی گنجائش والا یہ بمبارڈیئر کیو 400 جہاز ہرائزن ایئر نامی ہوائی کمپنی کی ملکیت تھا اور یہ مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے فضا میں بلند ہوا۔

 

بین شائکٹر ہواباز ہیں اور جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ قریب ہی اپنے جہاز میں موجود تھے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا: ‘یہ دیوانہ پن ہے۔ میرے بالکل آگے ایک ہواباز پاگل ہو گیا اور کنٹرول ٹاور سے آنے والے احکامات نظرانداز کرتے ہوئے ایک خالی جہاز چوری کر کے اڑا لے گیا۔ ٹاور نے اسے رکنے کو کہا اور اب بھی اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔’

امریکی فضائیہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ دو ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اس جہاز کا پیچھا کیا۔ ‘ایف 15 طیاروں نے اس جہاز کو بحرالکاہل کی طرف لے جانے کی کوشش کی مگر یہ ہوائی اڈے سے 48 کلومیٹر دور کیٹرون جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا۔’

انھوں نے کہا کہ لڑاکا طیاروں نے اس جہاز پر فائرنگ نہیں کی۔

کئی ویڈیوز میں انھیں ٹیڑھے میڑھے طریقے سے اڑتے چوری شدہ مسافر جہاز کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیرف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہواباز جہاز گرنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔

طیارہ کیوں چوری کیا؟

یہ ابھی واضح نہیں ہے۔ تاہم ٹاور کی طرف سے ہواباز کے ساتھ گفتگو کی ریکارڈنگ میں ہواباز کو طیارے کے اندر موجود ایندھن کی کمی کے بارے میں بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔ وہ یہ بھی کہتا ہے کہ وہ جہاز اتار سکتا ہے کیوں کہ اس نے ویڈیو گیمز میں اس کی مشق کر رکھی ہے۔

وہ کنٹرولر سے یہ بھی پوچھتا ہے، ‘کیا اس کی سزا عمر قید ہو گی؟’ اس کے جواب میں کنٹرولر کہتا ہے، ‘رچرڈ، اس بارے میں فکر نہ کرو۔ بس جہاز کو بائیں موڑنا شروع کرو۔’

طیارہ

یہ شخص پہاڑوں کے نظاروں کے بارے میں بھی بات کرتا ہے اور یہ بھی پوچھتا ہے کہ اگر اس نے کامیابی سے جہاز اتار لیا تو کیا اسے ہوائی کمپنی پائلٹ کی نوکری دے دے گی؟

عینی شاہدوں نے جہاز کو کرتب دکھاتے اور قلابازیاں کھاتے دیکھا۔ ایک شخص نے بتایا کہ ایک موقعے پر جہاز پانی کی سطح سے صرف سو فٹ دور رہ گیا تھا لیکن پھر ہوا میں بلند ہو گیا۔

ہوابازی کے ماہر ڈیوڈ گلیو نے بی بی سی کو بتایا کہ اس قسم کے جہازوں میں چابیاں نہیں ہوتیں اور اگر کوئی ان میں داخل ہو جائے تو انھیں اڑانا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔ ‘تاہم انھیں اتارنا اصل مسئلہ ہوتا ہے۔’

ایف بی آئی نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp