’انڈیا کے بیٹنگ یونٹ میں لڑنے والے کردار کی کمی ہے‘


انڈین ٹیم

انڈیا کی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف لارڈز کے تاریخی میدان پر جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نظر ہونے کے بعد انڈین ٹیم بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر صرف 107 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد سے ہی انڈین ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا تھا اور اب دوسرے میچ کی پہلی اننگز کے بعد اس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

انڈیا کے سابق کرکٹر اور کپتان سنیل گواسکر نے ٹائمز آف انڈیا میں لکھا کہ انڈیا کے بالروں نے ایک بار پھر اپنا کام دکھایا لیکن ان کی بیٹنگ ناکام رہی ہے۔

انھوں نے لکھا: ‘پہلے ٹیسٹ میں کپتان وراٹ کوہلی کے علاوہ بقیہ بلے باز کنفیوژن اور مشکلات کا شکار رہے۔ ان کی تیاری میں واضح طور پر کمی نظر آ رہی ہے`۔

اس سے قبل انھوں نے لکھا تھا کہ انڈین ٹیم میں ایک اضافی بیٹسمین کھلانا چاہیے۔ انھوں نے شیکھر دھون کو ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

کوہلی کی سینچری کام نہ آئی، انڈیا کو انگلینڈ نے ہرا دیا

’صرف ایک کوہلی کافی نہیں ہے‘

دوسری جانب انڈیا کے ایک اور سابق کپتان سورو گنگولی نے بھی انڈیا کی بیٹنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وراٹ کوہلی کے بیٹنگ یونٹ میں اعصاب دکھانے اور لڑنے والے کردار کی کمی ہے۔

انڈین ٹیم

گنگولی نے سونی سکس سے بات کرتے ہوئے کہا: ‘مشکل حالات رہے لیکن بیٹنگ بہت خراب رہی۔ جتنی بار گيند وکٹ کے پیچھے گئی اسے دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ اس پر بہت جلدی قابو پانا ہو گا‘۔

انھوں نے مزید کہا ‘وکٹ نے بھی کچھ کام کیا لیکن خراب تکنیک اور اعتماد کی کمی نے اس میں مزید اضافہ کیا‘۔

گنگولی کا کہنا تھا: ‘انگلینڈ میں انڈیا کی تین اننگز بہت خراب رہیں۔ نہ کریکٹر نظر آیا، نہ کوشش کی گئی اور یہ پریشانی کا بڑا سبب ہے‘۔

انھوں نے کہا ’اگر انڈیا 200 رنز بھی بناتا تو کوئی امید تھی لیکن اس کی اننگز تو صرف 107 رنز پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ نے کيچ چھوڑے ورنہ حالت اور بھی زیادہ خراب ہوتی‘۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کو بھی لارڈز میں اپنی پہلی اننگز کی ابتدا میں پریشانی کا سامنا رہا تاہم کرس ووکس کی سینچری اور وکٹ کیپر بیئرسٹو کے 93 رنز کی اہم بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے انڈیا کے خلاف 250 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی ہے اور ابھی اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32466 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp