کیا خواب میں کانٹی نیوٹی جمپ ہوتے ہیں



ٹیلی وژن اور فلم کی اصطلاح ہے۔ عموماً کوئی بھی سین ایک ہی کیمرے سے شوٹ کیا جاتا ہے۔ تو وہ ایک کیمرہ سین کو مختلف زاویوں سے شوٹ کرتا ہے، بعد میں ایڈیٹنگ کرتے ہوئے ٹکڑے جوڑ لیے جاتے ہیں۔ یعنی اگر کردار  نے سبزہ زار میں داخل ہو کر بینچ پر بیٹھے کسی فرد سے وقت پوچھنا ہے۔ تو اس سین کو مختلف شاٹس میں فلمایا جائے گا۔

پہلے لانگ شاٹ میں کردار سبزہ زار میں داخل ہوتے دکھایا جائے گا۔ اس لانگ شاٹ سے جگہ کا تعین ہو جائے گا۔ پھر مڈ لانگ شاٹ میں اسے ایک بینچ کے قریب رکتا دکھایا جائے گا۔ مزید کلوز اپس میں اس کی گفتگو فلمائی جائے گی۔ جو فرد وقت بتا رہا ہے، ایک کلوز شاٹ اس کا بھی لیا جائے گا۔ یوں ایک چند سیکنڈ کے سین کو کئی زاویوں سے فلمایا جاتا ہے (اور کئی گھنٹے صرف کیے جاتے ہیں)۔

اب کانٹی نیوٹی جمپ یہ ہے لانگ شاٹ میں کردار نے جو کپڑے پہن رکھے ہوں، کلوز اپ میں وہ بدل جائیں۔ یا لانگ شاٹ میں وہ پسینے میں شرابور ہو اور جب کلوز اپ لیا جائے تب تک پسینہ سوکھ چکا ہو۔ یا لانگ شاٹ میں اس کے بال ایک طرز سے سنوارے گئے ہوں اور کلوز اپ میں مختلف طرز سے۔ یا ایک شاٹ میں کسی میز پر کتابیں پڑی ہیں تو دوسرے شاٹ میں اسی میز پر گلاس پڑا ہے۔ مختلف شاٹس میں ہر چیز کی ترتیب ایک سی ہونی چاہیے، ورنہ دیکھنے والے کو یہ فرق عجیب سا معلوم ہو گا اور کانٹی نیوٹی جمپ کہلائے گا۔

اب آتے ہیں اپنے موضوع کی جانب۔ کیا آپ جو خواب دیکھتے ہیں وہ ایک شاٹ میں ہوتے ہیں، یا فلم ٹیلی وژن کی طرح کٹ ٹو کٹ۔ اگر ابھی تک غور نہیں کیا تو کیجیے گا۔ مجھے تو جتنے خواب یاد ہیں وہ ایک شاٹ میں نہ تھے۔ لیکن حال ہی میں جو خواب دیکھا، اس میں تو کانٹی نیوٹی جمپ بھی تھے۔

خواب کچھ یوں تھا کہ گھر کے داخلی دروازے پر ایک گاڑی آ کر رکتی ہے۔ دروازے کے نیچے سے دکھتا ہے کہ وہ سفید رنگ کی ٹیوٹا کرولا ہے۔ پھر گھنٹی بجتی ہے۔ یہاں شاٹ ختم ہوتا ہے۔ اگلے شاٹ میں میں پورچ میں کھڑا ہوں، دروازہ کھلا ہے اور ایک دوست وہاں کھڑا ہے۔ (حالانکہ جب ٹیوٹا کرولا آ کر رکی تھی تو داخلی دروازہ بند تھا)

اب جو میں باہر نکلتا ہوں تو سفید ٹیوٹا کرولا کی جگہ سفید رنگ کی ہی سوزوکی بولان کھڑی ہے۔ یہاں خواب ختم ہو جاتا ہے۔

صاحب، اب بتائیے۔ ہے نا کانٹی نیوٹی جمپ؟

ایک شاٹ میں بند داخلی دروازے کا اگلے شاٹ میں کھلا ہونا تو چلو ہضم کر لیا جائے، لیکن ٹیوٹا کرولا کا سوزوکی بولان میں بدل جانا کیسے برداشت ہو؟

اب غور کیجیے گا، آپ جو خواب دیکھتے ہیں، کیا ان میں کانٹی نیوٹی جمپس ہوتے ہیں یا نہیں؟

عمیر محمود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمیر محمود

عمیر محمود ایک خبری ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں، اور جو کچھ کرتے ہیں اسے صحافت کہنے پر مصر ہیں۔ ایک جید صحافی کی طرح اپنی رائے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں۔ اپنی سنانے میں زیادہ اور دوسروں کی سننے میں کم دلچسپی رکھتے ہیں۔ عمیر محمود نوک جوک کے عنوان سے ایک بلاگ سائٹ بھی چلا رہے ہیں

omair-mahmood has 47 posts and counting.See all posts by omair-mahmood