نواز شریف: دھاندلی زدہ الیکشن کو پوری طرح بےنقاب کریں


پاکستان

نواز شریف کو احتساب عدالت بکتر بند گاڑی میں لایا گیا

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کے مطابق ان کے بھائی اور جماعت کے قائد محمد نواز شریف نے پیغام دیا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو پوری طرح بےنقاب کیا جائے۔

شہباز شریف نے بدھ کو اسلام آباد میں احتساب عدالت میں محمد نواز شریف سے ملاقات کی تھی جہاں نواز شریف کو العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل سے لایا گیا تھا۔

نواز شریف کو بدھ کو بھی احتساب عدالت میں حاضری کے لیے بکتر بند گاڑی میں ایک بڑے سکیورٹی قافلے میں احتساب عدالت لایا گیا اور اس موقع پر عدالت میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

گذشتہ ماہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ایون فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں بالترتیب دس اور سات سال کی قید کی سزا سنائی تھی۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ’پیغام دیا ہے کہ جمہوریت کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں اور دھاندلی زدہ الیکشن کو پوری طرح بے نقاب کریں۔’

شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح سے نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا وہ تین مرتبہ کے منتخب وزیر اعظم کے بالکل شایان شان نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ ‘ایسا سلوک تو دہشت گردوں کے ساتھ بھی روا نہیں رکھا جاتا اور اس پر پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے۔’

شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پیغام دیا ہے کہ جمہوریت کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں

پی ایم ایل این کے صدر نے کہا کہ ‘ٹرائل کورٹ نے نواز شریف اور مریم نواز کو کرپشن کے الزام سے مکمل طور پر بری قرار دیا اور کہا کہ استغاثہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت تو دور کی بات، کوئی کاغذ تک نہیں لایا جس سے کرپشن ثابت ہو۔’

عدالت میں حاضری کے بعد شہباز شریف قومی اسمبلی کے لیے روانہ ہو گئے جہاں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو رہا ہے۔ اسمبلی پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ

موجودہ الیکشن پاکستانی تاریخ کے سب سے متنازع انتخابات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ان انتخابات کو مسترد کر چکی ہے لیکن وہ جمہوریت کا چراغ روشن رکھنے کے لیے پارلیمنٹ میں آئے ہیں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ’ہم دھاندلی کا حساب لے کر رہیں گے‘ اور اس حوالے سے تحریک انصاف کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32542 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp