پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کو نامزد کر دیا


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے سردار عثمان بزدار کو نامزد کیا ہے۔

صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 19 اگست کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور پاکستان کے منتخب وزیراعظم عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں سردار عثمان بزدار کو نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

عمران خان وزیراعظم منتخب،کڑے احتساب کا اعلان

’پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سے تو وزیرِاعظم بھی ڈرتا ہے‘

’یہیں سے ملے گی وزارت یہیں سے سٹیٹس بحال ہوگا‘

کیا محمود خان عمران خان کا پہلا انتخاب تھے؟

عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں سردار عثمان بزدار کو نامزد کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ چونکہ سردار عثمان کا تعلق پنجاب کے پسماندہ علاقے سے ہے اس لیے وہ لوگوں کے مسائل کو بہتر جانتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’جب سردار عثمان بزدار وزیراعلیٰ بنیں گے تو انھیں پتہ ہوگا کہ اس ملک کے پسماندہ علاقوں کے لوگوں پر کیا گزر رہی ہے۔ سردار عثمان وہ واحد رکن صوبائی اسمبلی ہیں جن کے اپنے گھر میں بجلی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے ذرائع ابلاغ میں کئی نام گردش کر رہے تھے تاہم آج عمران خان نے خود اس عہدے کے لیے عثمان بزدار کو نامزد کر دیا ہے۔

سرادار عثمان بزدار کون ہیں؟

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے نامزد کیے جانے والے عثمان احمد خان بزدار کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ سے ہے۔

انھوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 286 ڈیرہ غازی خان سے حالیہ عام انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیا اور کامیاب ہو کر پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں پہنچے ہیں۔

نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق عثمان بزدار تونسہ اور بلوچستان کے قبائلی علاقے میں آباد بزدار قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا خاندان کئی دہائیوں سے صوبہ پنجاب کی سیاست میں متحرک ہے اور مختلف ادوار میں کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ منسلک رہ چکا ہے۔

ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار قبیلے کے سردار ہیں اور تین مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔

عثمان بزدار نے پہلی مرتبہ سنہ 2013 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لیا تھا، تاہم وہ کامیاب نہیں ہو پائے تھے۔

حالیہ انتخابات میں انھوں نے اپنی سیاسی وابستگی تبدیل کی اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا اور وہ لگ بھگ چھ ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے۔

اس سے قبل سردار عثمان خان بزدار بلدیات کی سطح پر تحصیل ناظم بھی رہ چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp