طب کا نوبل انعام دو امریکی، ایک برطانوی سائنس دان کے نام



امریکی محققین ہاروی آلٹر، چارلس رائس اور برطانوی محقق مائیکل ہوٹن نے طب کا نوبل انعام برائے 2020 جیت لیا ہے۔ نوبل جیوری کے مطابق انہیں یہ اعزاز پیر کو ہیپاٹائٹس سی وائرس کی دریافت پر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نوبل انعام کے حق دار کا تعین کرنے والی جیوری نے کہا ہے کہ ان تین سائنس دانوں کو خون کے ذریعے منتقل ہونے والے وائرس ’ہیپاٹائٹس‘ سے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے پر انعام دیا گیا ہے۔

جیوری کے بقول یہ مرض صحت کا ایک بہت بڑا عالمی مسئلہ تھا جو دنیا بھر میں جگر کی بیماریوں اور جگر کے کینسر کا سبب بن رہا تھا۔

عالمی ادارۂ صحت کے اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال سات کروڑ کے لگ بھگ ہیپاٹائٹس سی کے مریض سامنے آتے ہیں اور سالانہ تقریباً چار لاکھ اموات اس بیماری سے ہوتی ہیں۔

نوبل کمیٹی نے ان محققین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دریافت کی بدولت وائرس کی تلاش کے لیے کیے جانے والے خون کے انتہائی حساس ٹیسٹ اب میسر ہیں۔ ان سائنس دانوں نے دنیا کے بہت سے حصوں میں صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ان کی دریافت نے ہیپاٹائٹس سی کی اینٹی وائرل ادویات جلد تیار کرنے میں بھی مدد دی ہے۔

جیوری نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اس مرض سے شفایاب ہونا ممکن ہے جس کے بعد یہ امید بھی بڑھ رہی ہے کہ دنیا کی آبادی سے ہیپاٹائٹس سی وائرس کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

ان تینوں محققین کے کام سے پہلے ہیپاٹائٹس اے اور بی سے متعلق کافی اہم پیش رفت ہو چکی تھی۔ لیکن خون کے ذریعے منتقل ہونے والے اکثر ہیپاٹائٹس کیسز کو نہیں سمجھا جا سکا تھا۔ ان کی تحقیق کے بعد ہیپاٹائٹس سی کو سمجھنا ممکن ہوا۔

تینوں سائنس دانوں کو مشترکہ طور پر نوبل کی انعامی رقم ملے گی جو تقریباً 11 لاکھ ڈالر یا نو لاکھ 50 ہزار یورو کے مساوی ہے۔

واضح رہے کہ روایت کے مطابق ہر سال دیے جانے والے ’نوبل پرائز‘ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان سب سے پہلے طب کے شعبے کے فاتحین سے کیا جاتا ہے۔

معروف سائنس دان اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبل سے منسوب ’نوبل پرائز‘ سب سے پہلے 1901 ء میں سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں دیا گیا تھا۔

نوبل انعام طب، طبیعات، کیمسٹری، ادب، امن، اور معاشیات کے شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال طب کا نوبل انعام آکسیجن اور خلیوں کے تعلق پر تحقیق کرنے والے دو امریکی اور ایک برطانوی ڈاکٹر کے نام رہا تھا۔

روایتی طور پر نوبل ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب الفریڈ نوبل کی برسی کے دن 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں ہوتی ہے۔ لیکن اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے یہ تقریب بھی غیر روایتی انداز میں ہو گی۔

یہ تقریب ٹیلی وژن پر نشر کی جائے گی جس میں فاتحین کو ایوارڈ ان کے گھر پر دیا جائے گا۔

پیر کو طب کے نوبل انعام سے اس سلسلے کا آغاز ہوا ہے جس کے بعد منگل کو طبیعات کے نوبل کا اعلان کیا جائے گا۔ بارہ اکتوبر کو اقتصادیات کے نوبل کے ساتھ انعامات کے اس سلسلے کا اختتام ہو جائے گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa