آصف زرداری اور فریال تالپور منی لانڈرنگ کسی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی خصوصی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش


آصف زرداری

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور جعلی اکاونٹس میں مبینہ طور پر 35 ارب روپے کی منتقلی سے متعلق دائر مقدمے میں اسلام آباد میں پیر کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔

اسلام آباد میں ایف آئی اے کے ہیڈ کواٹر میں ایڈشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نجف مرزا کی سربراہی میں قائم تفتیشی ٹیم کے سامنے بیان دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اُن کا ان جعلی اکاونٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ان کے خلاف درج ہونے والا یہ مقدمہ سیاسی نوعیت کا ہے اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے آخری دور حکومت میں اُن کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

منی لانڈرنگ: آصف زرداری کے ’وارنٹ گرفتاری جاری‘

آصف زرداری نے ایف آئی اے سے وقت مانگ لیا

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق ملزم آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تفتیشی ٹیم کے سامنے تقریباً آدھے گھنٹے سے زیادہ وقت تک سوالوں کے جواب دیے۔ ملزمان کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تین مرتبہ ایف آئی اے کی ٹیم ان دونوں ملزمان کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کرچکی تھی لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

ایف آئی اے کے سربراہ نے اس پیش رفت کے بارے میں سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا جس پر عدالت عظمیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔

تفتیشی ٹیم نے ملزمان کو کچھ تحریری سوال لکھ کر دیے ہیں جن کے جواب جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کی طرف سے ابھی تک سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کو دوبارہ طلب کرنے کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوا تاہم ایف آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی طرف سے تحریری سوالوں کے جواب جمع کروانے کے بعد اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

فریال تالپور

تفتیشی ٹیم کے سوالوں کے جواب دینے کے بعد آصف علی زرداری جب باہر نکلے تو بظاہر کافی مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔

ایف آئی اے کی عمارت کے احاطے میں موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اُن کے خلاف مقدمات سیاسی ہیں لہذا اُنھیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمن کی مسلم لیگ نواز اور حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے بارے میں ایک سوال پر آصف علی زرداری نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایسا ہوا ہے۔

ایک سوال پر کہ آپ بھی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو رہے ہیں جبکہ دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی احتساب عدالت میں پیش ہو رہے ہیں تو سابق صدر کا کہنا ہے کہ ’اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں‘۔

تفتیشی ٹیم کے سامنے پیشی کے موقع پر سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاوہ سید خورشید شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

منی لانڈرنگ کے مقدمے میں آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی حسین لاوائی کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اس مقدمے میں ضمانت پر ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp