چیف جسٹس کا چھاپہ اور آصف زرداری کا جملہ


سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس، ثاقب نثار نے اپنے دورہ کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل انعام میمن کے ہسپتال کے کمرے کا دورہ کیا جہاں سے مبینہ طور پر شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر فوری طور پر پارٹی کے رہنما کو سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔

سندھ کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل انعام میمن کو گذشتہ سال اکتوبر میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے پانچ ارب کی کرپشن کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی لیکن طبعیت کی ناسازگی کی وجہ سے پہلے انھیں سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا اور اس سال مئی میں انھیں نجی ہسپتال میں وی آئی پی کمرے میں منتقل کر دیا گیا جسے سب جیل قرار دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں مزید پڑھیے

‘اڑنے نہ پائے تھے کہ گرفتار ہم ہوئے’

کرپشن کیس: نیب نے شرجیل میمن کو گرفتار کر لیا

کیا چندہ جمع کر کے ڈیم بن سکتا ہے؟

چیف جسٹس نے کہا کہ شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب کی تین بوتلیں برآمد ہوئی ہیں لیکن انھوں نے اپنی لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

https://twitter.com/91Shahji/status/1035823087256776705

شرجیل میمن کو جیل بھجوانے کے علاوہ ان کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا جن کا کہنا تھا کہ شراب کی بوتلوں میں ‘شہد’ اور ‘تیل’ تھا۔

شرجیل میمن کے کمرے پر چیف جسٹس کے چھاپے پر جب پاکستان کے سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چئیرمین آصف زرداری سے سوال کیا گیا تو انھوں نے جواب میں کہا کہ ‘ جس ملک میں چیف جسٹس ‘چھاپے’ مارے ہم کیا کہیں پھر۔۔’

پی پی پی کے ایک اور رہنما سید ناصر حسین شاہ نے بھی شرجیل میمن کا دفاع کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان بوتلوں میں ‘شہد’ اور ‘زیتون کا تیل’ تھا۔

اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شرجیل میمن اور جسٹس ثاقب نثار کا نام ٹرینڈ کرنا شروع ہو گیا اور لوگوں کی جانب سے کئی دلچسپ تبصرے سامنے آئے۔

ایک صارف ریما سکندر میمن نے سوال اٹھایا کہ ‘مجھے ایک بات سمجھ نہیں آتی کہ شہد اور تیل ہمیشہ شراب کی بوتلوں میں ہی کیوں رکھا جاتا ہے؟’

https://twitter.com/ReemaSMemon/status/1035843156758212609

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل رضا عابدی نے بھی اسی نوعیت کی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اب جادو دیکھو، شراب بدل جائے گی شہد اور بالوں کے تیل میں۔’

https://twitter.com/abidifactor/status/1035810351349153795

صحافی مطیع اللہ جان نے ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کی عدلیہ کی تاریخ شروع ہوتی ہے عتیقہ اوڈھو سے ایک بوتل شراب برآمد کرنے سے لے کر شرجیل میمن سے تین بوتل شراب برآمد کرنے تک۔ شاباش معزز جج صاحبان، ایسا ہی کرتے رہیں۔’

https://twitter.com/Matiullahjan919/status/1035815448258981888

ڈان ٹی وی سے منسلک صحافی مبشر زیدی نے ٹویٹ میں کہا کہ ‘شرجیل میمن واحد مریض ہیں جو اپنی دوا خود تیار کرتے ہیں۔’

https://twitter.com/Xadeejournalist/status/1035810025405669376

جیو ٹی وی سے وابستہ صحافی بینظیر شاہ نے چیف جسٹس کے ہسپتال کے دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو ریئلٹی ٹی وی شو ہونا چاہیے۔

https://twitter.com/Benazir_Shah/status/1035771955444678658

دوسری جانب چیف جسٹس کے مداحوں کا کہنا تھا کہ ان کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔

صارف خرم علی لکھتے ہیں کہ ‘ہمارے ملک مصائب کا شکار ہے اور صرف آپ جیسے لوگ ہی ہمیں اس بھنور سے نکال سکتے ہیں۔’

https://twitter.com/khurramali839/status/1035823019707584513

پی ٹی آئی کے صوبائی رکن اسمبلی کا شہری کو تھپڑ مارنے کا معاملہ

دوسری جانب چیف جسٹس ثاقب نثار نے پی ٹی آئی کے صوبائی رکن اسمبلی عمران علی شاہ کے شہری کو تھپڑ مارنے کے معاملے میں از خود نوٹس کی سماعت کی جس میں انھوں نے رکن اسمبلی کی سخت سرزنش کی اور انھیں سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں 30 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ عمران علی شاہ نے گذشتہ ماہ ایک شہری کو تھپڑ مارا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر رد عمل سامنے آنے کے بعد پارٹی نے ان کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا اور پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ شہری داؤد چوہان نے عمران علی شاہ سے ملاقات کی تھی اور ان دونوں کے درمیان تصفیہ ہو چکا ہے۔

اس معاملے پر بھی سوشل میڈیا پر کافی رد عمل سامنے آیا۔

صارف عامر رضا نے جرمانے کی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرانے پر کہا کہ ‘ قطرہ قطرہ دریا بنتا ہے اور جرم جرم ڈیم۔’

https://twitter.com/aameraza/status/1035829238287491072

ایک اور صارف جیکب احمت نے عمران علی شاہ اور شرجیل میمن کے ساتھ ہونے والے واقعات پر مشترکہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ‘ معافی ملنے کے باوجود عمران شاہ کو 30 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے اور وہ بھی شہری کو نہیں بلکہ سپریم کورٹ کو۔ اور دوسری جانب شرجیل میمن کو بغیر تحقیق اور تفتیش کیے میڈیا ٹرائل کے لیے پیش کر دیا گیا۔ انصاف اپنے عروج پر!’

https://twitter.com/JacobAhmet/status/1035833664951738368


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp