ایشین گیمز: انڈیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرا دیا


انڈونیشیا میں جاری 18ویں ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے آج تیسری پوزیشن کے میچ میں انڈیا کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کھائی ہے۔

میچ کے آغاز میں ہی انڈیا نے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا جب تیسرے منٹ میں ہی آکاش دیپ نے پہلا گول کر کے انڈیا کو برتری دلوا دی۔

اس کے بعد میچ کے تین کوارٹرز میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔

آخری کواٹر میں میع کے 50ویس منٹ میں انڈیا نے پلنٹی کارنر پر سکور کر کے میچ میں دو گول کی برتری حاصل کر لی۔ یہ گول ہرمان پریت نے کیا۔

تاہم اس کے چند ہی لمحے بعد 52ویں منٹ میں محمد عتیق نے پاکستان کا واحد گول کیا۔

یاد رہے کہ ان مقابلوں کے ابتدائی مراحل میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی تھی مگر سیمی فائنل میں اسے جاپان سے 1-0 سے شکست ہوگئی۔ سیمی فائنل میں پہنچنے سے پہلے تک پاکستان نے اس ایونٹ میں کل 45 گول کیے ہیں جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا تھا۔ ادھر دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا کو ملیشیا نے شکست دے دی تھی۔

کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے ان روایتی حریفوں کے درمیان یہ میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ میچ میں انڈیا نے کل 10 مرتبہ جبکہ پاکستان نے 9 مرتبہ اپنے حریف کے گول پر حملے کیے۔

ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی دستہ

ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی دستہ تاحال سونے یا چاندی کے تمغے سے محروم رہا ہے۔ جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی اب تک چار کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں جن کھیلوں میں یہ تمغے حاصل کیے گئے ہیں ان میں جیولن تھرو کے علاوہ کبڈی اور کراٹے شامل ہیں۔

پاکستان کے لیے ایک کانسی کا تمغہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیر کو جیولن تھرو کے مقابلے میں حاصل کیا۔ ارشد نے 80.75 میٹر دور نیزہ پھینک کر اس مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کراٹے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری کے مقابلوں میں تمغہ حاصل کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32555 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp