ہالینڈ: ’حملہ آور افغان شہری کا مقصد دہشت گردی تھا‘


ہالینڈ

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اس حملے کا نشانہ بننے والے دو افراد امریکی سیاح تھے

ہالینڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے سٹیشن پر دو افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے والے افغان شہری کا مقصد دہشت گردی تھا۔

ڈچ میڈیا کی جانب سے ملزم کا نام جاوید ایس بتایا گیا ہے جسے اس واقعے کے دوران پولیس نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا۔

مشتبہ شخص 19 سالہ افغان شہری ہے جس کے پاس جرمنی میں رہائش کا اجازت نامہ ہے۔

اس سے قبل امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اس حملے کا نشانہ بننے والے دو افراد امریکی سیاح تھے۔

ہالینڈ میں امریکی سفیر پیٹ ہوکسٹرا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ہمارے علم میں ہے کہ نشانہ بننے والے دونوں افراد امریکی شہری ہیں اور ہم ان کے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔’

ڈچ حکام کا کہنا ہے کہ ‘ابتدائی بیان میں بعد یہ سامنے آیا ہے کہ اس شخص کے دہشت گردانہ مقاصد تھے۔’

جرمن پولیس نے مشتبہ شخص کے جرمنی میں واقع گھر کی تلاشی بھی لی ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا افغان شہری ان افراد کو نہیں جانتا تھا جس پر اس نے حملہ کیا اور اس نے انھیں ہدف بنا کر حملہ نہیں کیا۔

حملہ آور سمیت تمام افراد کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اس واقعے کے بعد ریلوے سٹیشن کے دو پلیٹ فارم بند کر دیے گئے تھے اور ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روک دی گئی تھی۔

ایک اندازے کے مطابق ایمسٹرڈیم کے سینٹرل سٹیشن کو روزانہ ڈھائی لاکھ افراد استعمال کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp