احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب


احسان مانی

احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ان کا انتخاب تین سال کے لیے متفقہ طور پر عمل میں آیا ہے۔

کسی دوسرے رکن نے احسان مانی کے مقابلے پر کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اور تمام اراکین نے ان پر متفقہ طور پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ جس کے بعد الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) افضل حیدر نے احسان مانی کے منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ 20 اگست کو نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے فوراً بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیرمین نامزد کرنے کا اعلان کردیا تھا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق نہیں تھا لہذا کچھ دیر بعد ہی عمران خان کی جانب سے احسان مانی کو آئین کے مروجہ طریقہ کار کے تحت بورڈ آف گورنرز میں نامزد کرنے اور انتخاب کے بارے میں ایک اور ٹوئٹر پیغام سامنے آیا تھا۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز دس ارکان پر مشتمل ہے جس میں چار ارکان بورڈ سے الحاق رکھنے والے اداروں کے نمائندے ہوتے ہیں جبکہ چار کا تعلق ریجنز سے ہوتا ہے۔ دو ارکان حکومتی نمائندے ہوتے ہیں۔

نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں حکومت کے دوسرے نمائندے عارف اعجاز بھی مستعفی ہوگئے تھے لہٰذا وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کے علاوہ اسد علی خان کو اپنے دوسرے نمائندے کے طور پر بورڈ آف گورنرز کے لیے نامزد کیا تھا۔

73 سالہ احسان مانی کا شمار بین الاقوامی کرکٹ کے انتہائی تجربہ کار ایڈمنسٹریٹرز میں ہوتا ہے۔

وہ ایک طویل عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں مختلف حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ جون سنہ 2003 میں وہ آئی سی سی کے صدر بنے تھے اور تین سال تک اس عہدے پر فائز رہے۔

احسان مانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں لہٰذا بین الاقوامی کرکٹ کے مالی امور پر انھیں مکمل دسترس حاصل ہے۔

احسان مانی کے عمران خان سے پرانے مراسم ہیں۔ وہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں۔ ان دنوں وہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کے طور پر سیاحت اور شجرکاری کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp